اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کے میڈیا نمائندوں کے وفد نے بدھ کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ترجمان دفتر خارجہ کی پوسٹ کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) ڈاکٹر محمد فیصل نے وفد کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات پر بریفنگ دی اور اہم علاقائی و عالمی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔
بریفنگ کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے دیرینہ تعلقات کا بھی احاطہ کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں ذرائع ابلاغ کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔بریفنگ کے بعد سوال و جواب کی ایک نشست بھی منعقد ہوئی۔وفد 23 سے 28 نومبر 2026ء تک پاکستان کے دورے پر ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



