لاہور۔24نومبر (اے پی پی):پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سعود شکیل نے پی سی بی کے پوڈکاسٹ پروگرام سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں شرکت کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں اپنی کارکردگی اور بیٹنگ کے حوالے سے گفتگو کی۔سعود شکیل سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ٹاپ سکورر رہے، انہوں نے تین اننگز میں 71.33 کی شاندار اوسط سے 214 رنز اسکور کیے۔
سعود شکیل نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا ٹیم میں آتے ہی پرفارم کرنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خوش آئند ہے۔ اچھا پرفارم کرنے کے لیے پریکٹس کا بہترین ہونا انتہائی اہم ہے، جبکہ بیٹنگ کے دوران تمام تر توجہ رنز بنانے پر مرکوز رکھنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بطور بلے باز ان کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ وہ اپنی نصف سنچریوں کو بڑی اننگز میں تبدیل کریں۔ کرکٹ کیریئر کے آغاز سے ہی لمبی اننگز کھیلنا ان کی خوبی رہی ہے۔
سعود شکیل کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد انہیں اپنی بیٹنگ میں جو بھی کمی محسوس ہوئی، وہ اس پر کام کریں گے تاکہ مستقبل میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



