اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ملک بھر میں کم آمدنی والے طبقات کو 6 ارب روپے سے زائد کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کرنے پر موبی لنک بینک کو بہترین کارکردگی کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ موبی لنک بینک اس اعزاز کو حاصل کرنے والے ملک کے پانچ سرکردہ مالیاتی اداروں میں شامل واحد مائیکرو فنانس بینک ہے جبکہ دیگر ایوارڈ یافتہ بینکوں میں یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، بینک الفلاح اور میزان بینک شامل ہیں۔
جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موبی لنک بینک کے چیف بزنس آفیسر عطاء الرحمٰن کو یہ ایوارڈ پیش کیا۔ تقریب کا انعقاد وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو مجموعی طور پر 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگِ میل عبور ہونے کی خوشی میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ چھ ماہ کے دوران 1,000 ارب (ایک کھرب) روپے کے قرضوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا۔تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں، سفارتکاروں اور بینکنگ شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ایوارڈ کے حصول پر موبی لنک بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث ایم چوہدری نے کہا کہ اپنا گھر ہر پاکستانی خاندان کا بنیادی خواب ہے تاہم محدود مالی وسائل کے باعث کم آمدنی والے طبقات کے لئے اس کا حصول دشوار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک ہاؤسنگ فنانس کی سہولیات کو عام آدمی کے لئے آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لئے کوشاں ہے اور اس قومی منصوبے کو کامیاب بنانے پر حکومتِ پاکستان اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



