لاہور۔24نومبر (اے پی پی):سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات، اسلامی تہذیب و ثقافت اور بزرگان دین کی گراں قدر دینی، علمی اور روحانی خدمات سے روشناس کرانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے،تاکہ نئی نسل اپنےدینی و تہذیبی ورثے سے آگاہ ہو،اولیائے کرام کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرے اور اپنی عملی زندگی میں اسلامی اقدار، اخلاقی تربیت، محبت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے سات اہم مزارات پر قائم ہیریٹیج و پکچر گیلریز اور لائبریریز اسی وژن کا حصہ ہیں، جو نہ صرف نوجوان نسل میں دینی و ثقافتی شعور بیدار کر رہی ہیں بلکہ ملکی و غیر ملکی زائرین کے لیے بھی خصوصی کشش کا باعث بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کو شنگھائی تعاون تنظیم(SCO) کی جانب سے27۔2026کے لیے سیاحت و ثقافت کا دارالحکومت اور اقتصادی تعاون تنظیم(ECO) کی جانب سے 2027 کے لیے سیاحتی دارالحکومت قرار دیا جانا پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر اعزاز ہے، اور محکمہ اوقاف کے یہ اقدامات اس عالمی اعزاز کی مناسبت سے پنجاب کے مذہبی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ان اقدامات سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو پنجاب کی عظیم صوفیانہ روایت، روحانی مراکز اور پیغام امن و محبت سے روشناس ہونے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ بھر کے مزارات پر سکھ یاتریوں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کے دوروں،انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور گیلریز و لائبریریز کی افادیت کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شاکر سندھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس رفیق نور وٹو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دربار حضرت میاں میر پر سکھ یاتریوں نے حاضری دی،جہاں منیجر اوقاف سرکل نمبر5 نے انہیں دربار شریف کی تاریخی و مذہبی اہمیت بارے بریفنگ دی۔
اسی طرح گورنمنٹ ماڈل سکول کے تقریبا 20 طلبہ نے دربار حضرت بابا بلھے شاہ پر قائم لائبریری اور گیلری کا دورہ کیا،جہاں انہیں نئی سہولیات بارےآگاہی فراہم کی گئی اور ماڈل مزارات پر قائم گیلریز و لائبریریز کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔امریکا اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سکھ یاتریوں کے ایک وفد نے دربار حضرت پیر وارث شاہ پر حاضری دی، جہاں محکمہ اوقاف کے حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وفد نے مزار پر تزئین و آرائش کے کام اور ہیریٹیج گیلری کو سراہا اور دستاویزی فلم کو پنجابی زبان میں بھی پیش کرنے کی تجویز دی۔اس موقع پر معروف فنکار تیمور افغانی نے کلام وارث شاہ پیش کیا۔مزید برآں امریکا سے آنے والے22 رکنی سکھ یاتریوں کے وفد نے دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر پاکپتن پر حاضری دی،پکچر گیلری کا دورہ کیا اور حضرت بابا فرید کی تعلیمات و افکار پر مبنی ویڈیو ڈاکومنٹری دیکھی۔
یاتریوں نے دربار شریف میں جاری تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے محکمہ اوقاف پنجاب کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ مزاراتِ اولیا ہماری دینی، روحانی، تہذیبی اور ثقافتی شناخت کا قیمتی اثاثہ ہیں اور محکمہ اوقاف ان کے تاریخی ورثے کے تحفظ، زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی، مذہبی سیاحت کے فروغ اور صوفیا کرام کے آفاقی پیغام امن، محبت، اخوت اور انسانیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



