اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان ایک ارب ڈالر سے زائد کی تجارت کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک زرعی تجارت، لائیو سٹاک، ڈیری اور ماہی پروری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برازیل کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں زرعی تجارت، مویشی بانی، ڈیری اور ماہی پروری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ برازیل سے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سویابین کی درآمد کے لیے تکنیکی مراحل کی تکمیل اہم پیش رفت ہے جبکہ کپاس کے بیج کی درآمد سے متعلق زیر التوا تکنیکی معلومات کی جلد فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم، کھجور، ترش پھلوں اور آلو کی برازیلی منڈی تک رسائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے نباتاتی صحت سے متعلق تکنیکی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ لائیو سٹاک اور ڈیری کے مشترکہ ورکنگ گروپ کو جلد فعال کیا جائے جبکہ برآمدی معیار کے جدید مذبح خانوں اور فیڈ لاٹ نظام کے قیام کے لیے برازیل کا تعاون حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برازیل کے ڈیری ماڈل سے پاکستان میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور مویشیوں کی جینیاتی بہتری کے مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ منہ کھر کی بیماری سے پاک زونز کا قیام گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ برازیل سے اعلیٰ نسل کے مویشیوں اور جینیاتی مواد کی درآمد پر اتفاق خوش آئند ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستانی سمندری غذائی مصنوعات کی برازیل کو برآمد کے لیے تکنیکی مذاکرات شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں جھینگا فارمنگ کے شعبے میں برازیلی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے ماہی پروری کے شعبے میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



