اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے مظفر گڑھ میں بیٹا پیدا نہ ہونے پر باپ کے ہاتھوں دو کمسن بیٹیوں کے قتل اور بیوی کو زخمی کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بیٹیوں کو صرف بیٹا پیدا نہ ہونے پر قتل کرنا انسانیت سوز اور ناقابل برداشت عمل ہے۔
منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کو بوجھ سمجھنے والی سوچ معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہے، بیٹے اور بیٹی میں تفریق کرنے والی فرسودہ سوچ کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیاں کسی سے کم نہیں، انہیں زندگی، محبت اور تحفظ کا پورا حق حاصل ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ہر بچی کو محفوظ زندگی اور مساوی حقوق فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مظفر گڑھ کا افسوسناک واقعہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے مزید موثر اقدامات کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم بچیوں کے قتل میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ ایسے انسانیت سوز واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



