اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):او آئی سی کامسٹیک اور الغزالی یونیورسٹی کراچی نے تحقیق، ابھرتی ٹیکنالوجیز، حلال سائنس، علمی تبادلوں اور سائنس دانوں و مذہبی سکالرز کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ امور الغزالی یونیورسٹی کے چانسلر اور ممتاز مذہبی سکالر مفتی عبدالرحیم کے کامسٹیک سیکریٹریٹ کے دورے کے موقع پر زیر بحث آئے جہاں انہوں نے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور سینئر حکام سے ملاقات کی۔ مفتی عبدالرحیم کو کامسٹیک کے فیلوشپ و سکالرشپ پروگراموں، فلسطینی طلبہ و محققین، او آئی سی کی نوجوان خواتین سائنس دانوں، مصنوعی ذہانت و ابھرتی ٹیکنالوجیز اور حلال مصنوعات و سرٹیفکیشن سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے تجویز دی کہ الغزالی یونیورسٹی کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کی ایسوسی ایٹ رکن بنے اور مشترکہ تحقیق، فیکلٹی و محققین کی تربیت اور علمی تبادلوں میں حصہ لے۔
انہوں نے سائنس دانوں، ویکسین ماہرین اور مذہبی اسکالرز پر مشتمل مشترکہ کانفرنس کی تجویز بھی دی جس میں پولیو سمیت ویکسین سے متعلق سائنسی اور سماجی پہلوئوں پر بات کی جائے۔ اس کے علاوہ حلال مصنوعات اور سرٹیفکیشن پر سائنس دانوں، ریگولیٹرز، صنعت اور مذہبی سکالرز کا مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ مفتی عبدالرحیم نے مسلم دنیا میں کامسٹیک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی قیادت میں نمایاں سائنسی اور استعداد کار کے منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الغزالی یونیورسٹی کامسٹیک کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور اس کے فیکلٹی ممبران و محققین مشترکہ تحقیق، تربیت اور علمی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے کامسٹیک جیسے او آئی سی ادارے کی میزبانی اعزاز ہے اور اس پلیٹ فارم کو مسلم دنیا میں سائنسی و تعلیمی تعاون کیلئے بھرپور استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مذہب، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے موضوعات پر بھی مشترکہ کام کی تجویز دی۔ دونوں اداروں نے تحقیق، تربیت، حلال سائنس، ابھرتی ٹیکنالوجیز اور سائنس و مذہبی فکر کے باہمی رابطے پر عملی تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



