اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی و قانونی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں اور عدالتی اداروں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، ججز کے درمیان تجربات کا تبادلہ عدالتی نظام کو مزید موثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کی اعلیٰ عدلیہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت صدر کورٹ آف کیسیشن ترکیہ عمر کرکز کر رہے تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی و قانونی تعاون کے فروغ، اعلیٰ عدلیہ کے اداروں کے درمیان روابط، ثالثی و آربیٹریشن اور عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ پاکستان میں ثالثی اور آربیٹریشن کے فروغ کے لیے انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ پاکستان اس شعبے میں ترکیہ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چیف جسٹس اور ترکیہ کی اعلیٰ عدلیہ کے سربراہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے وزارت قانون مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے عدالتی تجربات سے استفادہ کرنے اور اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو اور اعلیٰ عدالتی عہدیداران بھی شریک تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



