اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گورو نانک دیو جی کی تعلیمات امن، مساوات، محبت، رواداری، بھائی چارے اور خدمت انسانیت کا درس دیتی ہیں جو مذہبی اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی نے اپنی زندگی انسانیت کے لیے وقف کی اور ان کی تعلیمات آج بھی ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے مشعل راہ ہیں جہاں باہمی احترام، انسانی وقار اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ حاصل ہو۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں سکھ مذہب کے مقدس ترین مقامات جن میں ننکانہ صاحب کا گوردوارہ جنم استھان اور کرتارپور کا گوردوارہ دربار صاحب شامل ہیں، موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب مکالمے کا فروغ، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور تمام شہریوں کو مساوی مواقع کی فراہمی جمہوری اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
پاکستان اپنے تمام شہریوں کے آئینی حقوق، مذہبی آزادی اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر ہمیں محبت، رواداری، مساوات اور خدمت انسانیت کی اعلیٰ اقدار کو اپنانے اور فروغ دینے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔ انہوں نے دعا کی کہ بابا گورو نانک دیو جی کا جنم دن دنیا بھر میں امن، بھائی چارے، ہم آہنگی اور خوشیوں کا پیغام لے کر آئے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



