اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بابا گورو نانک کے یوم ولادت کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بابا گورو نانک کی تعلیمات امن، محبت، مساوات، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا آفاقی پیغام دیتی ہیں۔
ان کی تعلیمات آج بھی ایک پرامن، ہم آہنگ اور روادار معاشرے کی تشکیل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بابا گورو نانک کی مقدس سرزمین اور سکھ برادری کے تاریخی و مذہبی ورثے کا امین ہے۔ ننکانہ صاحب اور کرتارپور بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی روشن مثالیں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ حکومت اور پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور تمام مذاہب کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



