اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):ڈیولپنگ ایٹ آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن (ڈی ایٹ) کے سیکرٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ صحت کے مضبوط اور مستحکم نظام کی ترقی، مشترکہ تحقیق کے فروغ اور سستی و پائیدار طبی سہولیات تک رسائی یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں۔انہوں نے یہ بات ترکیہ میں 29 سے 31 اکتوبر تک منعقد ہونے والی 12ویں ترک میڈیکل ورلڈ کانگریس کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانگریس کا موضوع عالمی صحت کے خطرات کے تناظر میں مضبوط اور مستحکم طبی نظام تھا۔
اتوار کو موصولہ پریس ریلیز کے مطابق کانگریس کا انعقاد ترکیہ کی وزارت صحت اور ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس آف ترکیہ (TÜSEB) نے ملک کے ایوانِ صدر کی سرپرستی میں کیاجس میں مختلف ممالک کے 2 ہزار سے زائد شرکا، وزرائے صحت، اعلیٰ حکام، سائنسدانوں، طبی ماہرین اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔سیکرٹری جنرل نےاپنے خطاب میں جمہوریہ ترکیہ کےقیام کی 103ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی جانب سے 2014 سے منعقد کی جانے والی یہ کانگریس سائنسی معلومات کے تبادلے،تجربات اور بہترین طریقہ کار سے استفادے، مشترکہ مسائل کے جدید اور پائیدار حل تلاش کرنے اور عالمی سطح پر صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
انہوں نے وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر کمال میمیش اوغلو کی قیادت میں صحت کے شعبے میں تبدیلیوں، خصوصاً پروڈکٹیو ہیلتھ ماڈل کو سراہا اور TÜSEB کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔سہیل محمود نے وبائی امراض، متعدی بیماریوں، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والی آفات اور مسلح تنازعات کو عالمی صحت کے لیے بڑے خطرات قرار دیتے ہوئے ان سے نمٹنے کے لیے عالمی یکجہتی، بین الاقوامی تعاون، مؤثر تیاری اور مضبوط طبی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ڈی ایٹ کے تحت صحت کے شعبے میں تعاون کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کی صلاحیتوں سے مشترکہ طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے تحقیق و ترقی، بیرونی انحصار میں کمی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ پیداوار، ڈیجیٹل ہیلتھ اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا تاکہ عوام کو سستی اور پائیدار طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
سیکرٹری جنرل نےنومبر 2025 میں قاہرہ میں منعقدہ ڈی ایٹ وزرائے صحت کے پہلے اجلاس اور اس میں صحت کے شعبے میں تعاون کے فریم ورک سے متعلق وزارتی اعلامیے کی منظوری کا حوالہ دیتے ہوئے مشترکہ ترجیحات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2027 میں ترکیہ میں منعقد ہونے والا ڈی ایٹ وزرائے صحت کا دوسرا اجلاس رکن ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کا اہم موقع ہوگا۔تین روزہ کانگریس میں طبی جدت، مصنوعی ذہانت، بائیو ٹیکنالوجی، کینسر کی تحقیق، انفرادی ضروریات کے مطابق علاج اور جدید طبی ٹیکنالوجیز کے موضوعات پر سائنسی سیشنز اور اعلیٰ سطحی مباحثے منعقد ہوئے۔
31 اکتوبر کو سیکرٹری جنرل نے TÜSEB عزیز سنجار سائنس، سروس اینڈ انسینٹو ایوارڈز کی تقریب میں بھی شرکت کی، جس سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کیا اور طبی سائنس، تحقیق اور صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں میں اعزازات اور اسناد تقسیم کیں۔کانگریس کے موقع پر سیکرٹری جنرل نے ترکیہ کے وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر کمال میمیش اوغلو سے دوطرفہ ملاقات بھی کی، جس میں 2027 میں ڈی ایٹ وزرائے صحت کے دوسرے اجلاس کی تیاریوں اور تنظیم کے تحت عملی تعاون کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سہیل محمود نے علاقائی سطح پر صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے ترکیہ کی قیادت اور مسلسل عزم کو سراہا۔اس کےعلاوہ صومالیہ کے وزیر صحت و سماجی نگہداشت ڈاکٹر علی حاجی آدم ابوبکر نے بھی ڈی ایٹ سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، جس میں انہیں تنظیم کےمینڈیٹ، ترجیحات اور جاری اقدامات، بالخصوص صحت کے شعبے میں سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔سیکرٹری جنرل نے کانگریس میں شریک دیگر وزرائے صحت اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کیا، جبکہ نوبیل انعام یافتہ پروفیسر ڈاکٹر عزیز سنجار سے بھی مختصر ملاقات کی۔سہیل محمود نے کانگریس کے کامیاب انعقاد، بہترین انتظامات اور شریک وفود کی مہمان نوازی پر حکومت ترکیہ، بالخصوص وزارت صحت اور TÜSEB کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایٹ زیادہ مضبوط، جامع اور پائیدار طبی نظام کے قیام کے لیے عملی شراکت داریوں کے فروغ کے عزم پر قائم ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



