اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم کے جاری فیول ریلیف پیکیج کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اسکیم سے کم آمدنی والے طبقے کے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اتوار کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ٹیکسوں اور لیویز میں کمی سمیت ہر ممکن اقدامات کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عائد مختلف لیویز کے پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔وزیر مملکت نے مشکل معاشی حالات میں عوام پر مزید مالی بوجھ کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف کفایت شعاری اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نےجماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بجلی کے نرخوں، توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز،بجٹ اور ریفائنری پالیسیوں پر تعمیری اور پیشہ ورانہ ماحول میں بات چیت کی۔
بلال اظہر کیانی نےمذاکرات کے دوران جماعت اسلامی کے طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سےمتعلق عوامی تشویش کو اہمیت کے ساتھ اجاگر کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور اپنی معاشی ذمہ داریاں پوری کرنے کے ساتھ ساتھ جہاں ممکن ہو شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



