اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سے قبل صوبے میں جاری بحران کے حل کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کی گئیں تاہم صوبے کو بدستور سنگین چیلنجز کا سامنا رہا۔اتوار کو نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ تاثر مضبوط ہو چکا تھا کہ موجودہ انتظامی انتظامات کے تحت خیبرپختونخوا کی صورتحال کو بہتر بنانا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے عدم تعاون نے صوبے اور قومی مفادات کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی تھی جس کے نتیجے میں گورنر راج اورایمرجنسی کا نفاذ عمل میں آیا۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ کرپشن نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے، بالخصوص تعلیم، صحت اور دیگر شعبے اس سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے صوبائی حکومت میں پاکستان تحریک انصاف کےاندرونی اختلافات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کےمختلف دھڑے آزادانہ طور پر کام کر رہے تھے جبکہ اہم سیاسی رہنماؤں کے درمیان اختلافات نے صوبائی حکومت کو کمزور کر دیا تھا۔وزیر دفاع نے الزام لگایا کہ پارٹی کےمخالف دھڑوں نے ترقیاتی فنڈز اور سیاسی اختلافات کو اپنے اپنے مفادات کے فروغ کے لیے استعمال کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ان کے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ذاتی تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں۔خواجہ آصف نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوری اداروں کے استحکام اور ملک میں سیاسی استحکام کےفروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



