جمعرات، 26 نومبر 2026
تازہ ترین
سٹیپ سکول کیپیٹل کیمپس اسلام آباد کے طلباء وطالبات کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی کا ذیشان علی کو چین کے خلائی مشن شین ژو-24 کے ذریعےخلا کی وسعتوں کی جانب سفر پر روانہ ہونے پر مبارکباد پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف سمندری غذا کے برآمد کنندگان اپنی برآمدات کا کم از کم پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے لیے مختص کریں، محمد جنید انوار چوہدری وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا بلوچستان میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پاک چائنہ تزویراتی شراکت داری اب خلائی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکی ، محمد ذیشان علی کی شینژو-24 مشن میں شرکت باہمی اعتماد اور تعاون کی مظہر ہے،پروفیسر احسن اقبال سرگودھایونیورسٹی میں پاکستانی خلابازمحمد ذیشان علی کے چین کے شین ژو24مشن کےذریعے خلا میں پہنچنے کے تاریخی موقع پرخصوصی دستاویزی فلم کی نمائش وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد کی ملاقات، سکھ یاتریوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی، پاکستانی عوام کی محبت اور مہمان نوازی کو سراہا یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں پاکستان-چین خلائی تعاون کا جشن وفاقی وزیر و وزیر مملکت داخلہ نے اسلام آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر اور جناح کنونشن سینٹر کے اپ گریڈیشن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا 2027 پاکستان سٹاک مارکیٹ کے لیے بہتر سال ثابت ہونے کی توقع ہے، محمد سہیل سٹیپ سکول کیپیٹل کیمپس اسلام آباد کے طلباء وطالبات کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی کا ذیشان علی کو چین کے خلائی مشن شین ژو-24 کے ذریعےخلا کی وسعتوں کی جانب سفر پر روانہ ہونے پر مبارکباد پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف سمندری غذا کے برآمد کنندگان اپنی برآمدات کا کم از کم پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے لیے مختص کریں، محمد جنید انوار چوہدری وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا بلوچستان میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پاک چائنہ تزویراتی شراکت داری اب خلائی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکی ، محمد ذیشان علی کی شینژو-24 مشن میں شرکت باہمی اعتماد اور تعاون کی مظہر ہے،پروفیسر احسن اقبال سرگودھایونیورسٹی میں پاکستانی خلابازمحمد ذیشان علی کے چین کے شین ژو24مشن کےذریعے خلا میں پہنچنے کے تاریخی موقع پرخصوصی دستاویزی فلم کی نمائش وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد کی ملاقات، سکھ یاتریوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی، پاکستانی عوام کی محبت اور مہمان نوازی کو سراہا یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں پاکستان-چین خلائی تعاون کا جشن وفاقی وزیر و وزیر مملکت داخلہ نے اسلام آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر اور جناح کنونشن سینٹر کے اپ گریڈیشن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا 2027 پاکستان سٹاک مارکیٹ کے لیے بہتر سال ثابت ہونے کی توقع ہے، محمد سہیل
قومی خبریں

وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کاقومی پروگرام، بیماری سے متاثرہ لاکھوں افراد کیلئے امید کی نئی کرن بن گئی

ہیپاٹائٹس سی کی مفت سکریننگ اور علاج
ہیپاٹائٹس سی کی مفت سکریننگ اور علاج

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کے قومی پروگرام نے اس موذی مرض سے متاثرہ لاکھوں افراد کے لیے امید کی نئی کرن پیدا کر دی ہے۔ پروگرام کے تحت مستحق مریضوں کو مفت اسکریننگ، تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مالی مشکلات کسی بھی شہری کے علاج میں رکاوٹ نہ بنیں۔ اس اقدام کا مقصد ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام کے ذریعے عوام کو جان لیوا پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔

ہیپاٹائٹس سی ایک خاموش مرض ہے جو اکثر اس وقت تشخیص ہوتا ہے جب جگر کو نقصان پہنچنا شروع ہو چکا ہوتا ہے۔ غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بیماری کی تشخیص کا خدشہ مہنگے طبی ٹیسٹوں اور علاج کے اخراجات کے باعث مزید پریشانی کا سبب بنتا ہے تاہم وزیراعظم کے قومی پروگرام کے تحت مفت تشخیص اور علاج کی سہولیات نے ایسے افراد کے لیے علاج تک رسائی آسان بنا دی ہے جو مالی مشکلات کے باعث اپنا علاج نہیں کرا سکتے تھے۔یہ پروگرام شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ اور اس امر کو یقینی بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے کہ غربت کسی بھی فرد کو قابل علاج بیماری سے صحت یاب ہونے کے موقع سے محروم نہ کرے۔دنیا بھر میں تقریباً 6 کروڑ افراد جبکہ پاکستان میں اندازاً ایک کروڑ 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس سی سے متاثر ہیں۔ یہ بیماری بنیادی طور پر متاثرہ خون، آلودہ سرنجوں اور غیر جراثیم سے پاک یا مشترکہ بلیڈز کے استعمال سے پھیلتی ہے، اسے خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ برسوں تک علامات ظاہر کئے بغیر موجود رہ سکتی ہے اور بعد ازاں جگر کے سکڑنے (سروسس) اور جگر کے سرطان جیسی سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ہیپاٹائٹس سی زیادہ تر کیسز میں قابل علاج ہے تاہم اس کے لیے بروقت تشخیص اور علاج ضروری ہے۔ اسی ضرورت کے پیش نظر حکومت نے وزیراعظم کے اقدام کے تحت مفت اسکریننگ، تشخیصی ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا آغاز کیا ہے۔پروگرام کے تحت مریضوں کو مفت پی سی آر تشخیصی ٹیسٹ فراہم کیے جا رہے ہیں جن کی عام طور پر لاگت تقریباً آٹھ ہزار روپے ہے جبکہ 34 ہزار سے 68 ہزار روپے مالیت کا علاج بھی بلا معاوضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے یہ سہولت مالی اعتبار سے بڑا ریلیف ہے کیونکہ بہت سے مریض اخراجات برداشت نہ کر سکنے کے باعث طبی معائنے اور علاج میں تاخیر کرتے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد مالی رکاوٹیں دور کرکے شہریوں کو قابل علاج بیماری کی پیچیدگیوں اور ممکنہ جانی نقصان سے محفوظ رکھنا ہے۔ابتدائی طور پر اسلام آباد،گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شروع کیے گئے اس پروگرام کو مرحلہ وار ملک بھر تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے تاکہ لاکھوں افراد کو بنیادی طبی سہولیات تک رسائی فراہم کی جا سکے۔

وزارت صحت کے حکام کے مطابق پروگرام میں بڑے پیمانے پر اسکریننگ، بروقت تشخیص، علاج، عوامی آگاہی اور مریضوں کی مسلسل نگرانی کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی اکثر کئی سال تک غیر تشخیص شدہ رہتا ہے کیونکہ ابتدائی مراحل میں متاثرہ افراد کو نمایاں علامات محسوس نہیں ہوتیں اور جب بیماری کی پیچیدگیاں سامنے آتی ہیں تو اس وقت تک جگر کو شدید نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے۔وزارت قومی صحت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ مالی مشکلات کسی شہری کی بنیادی طبی سہولیات تک رسائی میں رکاوٹ نہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ پروگرام اس اصول کے تحت شروع کیا گیا ہے کہ ہر شہری کو مالی حیثیت سے قطع نظر اسکریننگ اور علاج کی سہولت ملنی چاہیے اور کسی شخص کو صرف اس وجہ سے زندگی سے محروم نہیں ہونا چاہیے کہ وہ تشخیصی ٹیسٹ یا ادویات کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد بھی اس پروگرام کو عوام تک پہنچانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے، جہاں مفت اسکریننگ، آگاہی سرگرمیوں اور سرکاری اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈی ایچ او حکام کے مطابق نامزد طبی مراکز اور خصوصی کیمپوں میں اسکریننگ کا عمل جاری ہے تاکہ ایسے افراد بھی ٹیسٹ کی سہولت حاصل کر سکیں جو عام طور پر ہسپتالوں سے رجوع نہیں کرتے۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی ہدایات پرقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ارکان پارلیمنٹ اور عملے کے لیے بھی اسکریننگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ڈی ایچ او حکام کا کہنا ہے کہ پروگرام کے تحت مفت اسکریننگ، علاج اور ادویات دستیاب ہیں جبکہ عوامی آگاہی کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ شہری بلا خوف و جھجک اپنا ٹیسٹ کروا سکیں۔ڈی ایچ او کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کا مؤثر ترین طریقہ بروقت تشخیص ہے، ہمارا مقصد بیماری کے بڑھنے سے پہلے متاثرہ افراد تک پہنچنا اور مثبت نتائج آنے والے مریضوں کو علاج کی سہولیات سے منسلک کرنا ہے۔پروگرام کے تحت اسلام آباد میں اسکریننگ کے لیے 17 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ حکومت ملک بھر میں اسکریننگ کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزارت صحت ترجیحی آبادیوں تک رسائی اور تشخیص کے بعد مریضوں کا علاج مکمل کرانے کے لیے مربوط حکمت عملی پر بھی کام کر رہی ہے۔طبی ماہرین کےمطابق مسلسل اسکریننگ، عوامی آگاہی اور انفیکشن سے بچاؤ کے مؤثر اقدامات کے ذریعے ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔جگر کے امراض کےسینئر ماہر ڈاکٹر مقصود ملک نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی زیادہ تر کیسز میں قابل علاج ہے،بشرطیکہ مریض کی بروقت تشخیص ہو اور وہ تجویز کردہ علاج کا مکمل کورس کرے۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اکثر افراد کو بیماری کا علم اس وقت ہوتا ہے جب وہ خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہوتی ہے۔

جدید اینٹی وائرل ادویات کے ذریعے زیادہ تر مریضوں کا علاج ممکن ہے اور عموماً اس کے لیے نسبتاً مختصر مدت کا کورس درکار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے اہم اقدام متاثرہ افراد کی جلد شناخت اور انہیں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔سرکاری شعبے کی صحت کی خدمات سے وابستہ ڈاکٹر توقیر احد نے کم آمدنی والے طبقے کے لیے مفت اسکریننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے مریض مالی مشکلات کے باعث تشخیصی ٹیسٹ نہیں کروا پاتے۔ مفت اسکریننگ اور علاج کی فراہمی سے صحت کی سہولیات تک رسائی میں ایک بڑی رکاوٹ دور ہو جاتی ہے اور یہ پروگرام ہزاروں خاندانوں کو بیماری کے مالی اور نفسیاتی اثرات سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

طبی ماہر ڈاکٹر نائلہ شمیم نے کہا کہ صرف علاج کافی نہیں بلکہ بیماری سے بچاؤ کے اقدامات اور عوامی آگاہی بھی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی بنیادی طور پر متاثرہ خون کے ذریعے پھیلتا ہے، جس میں آلودہ سرنجوں، غیر محفوظ طبی طریقہ کار اور غیر جراثیم سے پاک آلات کا استعمال شامل ہے،عوام کو چاہیے کہ سرنجیں اور بلیڈ مشترکہ استعمال نہ کریں،طبی آلات کی جراثیم سے پاک حالت یقینی بنائیں اور ممکنہ طور پر وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں اسکریننگ کروائیں۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر آگاہی، خون کی محفوظ منتقلی، طبی مراکز میں انفیکشن سے بچاؤ کے معیارات اور ذمہ دارانہ طبی طریقہ کار نئے انفیکشن کی روک تھام کے لیے ناگزیر ہیں۔پروگرام کی گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر تک توسیع خصوصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ دور دراز پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کوجغرافیائی اور مالی مشکلات کے باعث خصوصی طبی سہولیات تک رسائی میں دشواری کا سامنا رہتا ہے۔

ان علاقوں میں اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کی فراہمی سے شہری اور دور دراز علاقوں کے درمیان طبی سہولیات کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔پروگرام کا ایک اوراہم پہلو مریضوں کی نگرانی کے لیے مربوط نظام کا قیام ہے تاکہ ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص کے بعد کوئی مریض علاج کے عمل سے باہر نہ رہ جائے۔ وزارت صحت اس سلسلے میں مختلف طبی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نےملک گیر اسکریننگ اور ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔حکومت کے مطابق پاکستان میں لاکھوں افراد اس وائرس سے متاثر ہیں جس کے باعث اس بیماری کے خاتمے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات ناگزیر ہیں۔سماجی کارکن ڈاکٹر سعید کریم نے کہا کہ پروگرام کے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے اس کا تسلسل انتہائی اہم ہوگا۔ باقاعدہ اسکریننگ، ادویات کی بلاتعطل فراہمی، قابل اعتماد تشخیصی مراکز، تربیت یافتہ طبی عملہ اور مؤثر نگرانی اس پروگرام کی طویل المدتی کامیابی کا تعین کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ایسے مزدور کے لیے جو مہنگے طبی ٹیسٹ نہیں کروا سکتا، اپنےخاندان کی صحت کے حوالے سے پریشان ماں یا برسوں سے ٹیسٹ مؤخر کرنے والے بزرگ کے لیے مفت اسکریننگ اور علاج طویل تکلیف اور صحت یابی کے درمیان فرق ثابت ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر سعید کریم نے کہا کہ اگر اس پروگرام پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کیا جائے اور ادارہ جاتی سطح پر اس کا تسلسل برقرار رکھا جائے تو وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا قومی پروگرام پاکستان کے اہم ترین عوامی صحت کے اقدامات میں شامل ہو سکتا ہے، جو قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ، غریب خاندانوں کے طبی اخراجات میں کمی اور ہیپاٹائٹس سی سے پاک پاکستان کے ہدف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔

بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)