اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس، ٹریفک پولیس، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر کرائمز کے خلاف عوامی آگاہی کے لیے مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد شہریوں کو آن لائن مالی فراڈ، ہراسانی اور دیگر ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رہنے کے حوالے سے آگاہ کرنا تھا۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس مشترکہ اقدام کا مقصد انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کو فروغ دینا اور شہریوں کو بڑھتے ہوئے سائبر خطرات سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینا تھا۔آگاہی مہم کے دوران شہریوں کو آن لائن مالی فراڈ، جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، شناخت کی چوری، سائبر ہراسانی اور انٹرنیٹ صارفین کو دھوکہ دینے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے استعمال کردہ دیگر طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے پاس ورڈز، ون ٹائم پاس ورڈز (او ٹی پیز)، بینکنگ تفصیلات اور ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں کیونکہ ان معلومات کا مالی فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے،انہیں مشکوک لنکس کھولنے سے گریز کرنے، آن لائن معلومات شیئر کرنے سے قبل ان کی تصدیق کرنے اور سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد سے رابطے کے دوران محتاط رہنے کا بھی مشورہ دیا گیا۔
مہم میں سائبر کرائم کی فوری رپورٹنگ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ آن لائن فراڈ، بلیک میلنگ یا ہراسانی کی صورت میں پیغامات، اسکرین شاٹس، لین دین کا ریکارڈ اور دیگر متعلقہ شواہد محفوظ رکھیں۔شہریوں کو مزید ترغیب دی گئی کہ وہ سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے این سی سی آئی اے کے سرکاری شکایتی ذرائع سے رجوع کریں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



