کراچی۔ 28 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد نےاسپیکرحافظ الدین احمد کی قیادت میں ملاقات کی۔ہفتہ کو گورنر ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کا گورنر ہاؤس آمد پر خیرمقدم کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان عوامی روابط اور مشترکہ تاریخی ورثہ دوطرفہ دوستی کو نئی جہت دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام مذہب، تہذیب، ثقافت اور مشترکہ تاریخی روایات کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور پارلیمانی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے، بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔اس موقع پر بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہاکہ متحدہ پاکستان کے دورکے حوالے سے کراچی کو بنگلہ دیش میں آج بھی خصوصی تاریخی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہاکہ1946 کے انتخابات میں بنگال اور سندھ میں مسلم لیگ کی کامیابی نے قیام پاکستان کے مطالبے کو مضبوط سیاسی بنیاد فراہم کی، کراچی کے فٹ بال کھلاڑیوں سے میری دیرینہ دوستی رہی، پاکستان کی نمائندگی اور کراچی سے وابستہ یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
بنگلہ دیشی اسپیکر نے مزید کہا کہ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی، اخوت اور تعاون کے نئے دور کا آغاز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی نوجوان نسل باہمی تعلقات کے فروغ اور ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



