اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 10 فیصد کمی کا امکان ہے۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور ٹاپ لائن سکیورٹیز ریسرچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 22.02 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 21.52 ملین ٹن تھا۔
اس طرح مجموعی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد اضافہ متوقع ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سیمنٹ کی مقامی فروخت کا حجم 18.45 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 17.54 ملین ٹن تھا۔ اس طرح مقامی فروخت میں 5 فیصد اضافہ متوقع ہے۔دوسری جانب جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات کا حجم 3.58 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.98 ملین ٹن تھا۔
اس طرح برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد کمی متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق نومبر میں سیمنٹ کی مقامی فروخت کا حجم 3.52 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال نومبر کے 3.48 ملین ٹن کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔اسی طرح نومبر میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات 0.51 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال نومبر میں 0.59 ملین ٹن تھیں۔ اس طرح نومبر کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کمی متوقع ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



