کوئٹہ۔ 26 نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے محمد ذیشان علی کو چین کے اہم خلائی مشن شین ژو-24 کے ذریعے خلا کی وسعتوں کی جانب اپنے تاریخی سفر پر روانہ ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک غیر معمولی اعزاز قرار دیتےہوئے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ محمد ذیشان علی کی اس عالمی سطح کے خلائی مشن میں شمولیت پاکستانیوں کی خداداد صلاحیت، پختہ عزم اور بے پناہ استعداد کا عملی ثبوت ہے۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا کہ سائنس اور خلائی تحقیق کے میدان میں یہ سنگِ میل ہمارے نوجوانوں کے لیے اس روشن پیغام کا عکاس ہے کہ اگر محنت، لگن اور موزوں مواقع میسر ہوں تو پاکستانی نوجوان نہ صرف عالمی معیار پر پورا اتر سکتے ہیں بلکہ دنیا کے بلند ترین افق بھی عبور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،انہوں نے اس تاریخی موقع کو پاک چین تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، اسٹریٹجک اعتماد اور سائنسی و تکنیکی میدان میں مضبوط شراکت داری کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔
خلائی تحقیق میں دونوں ممالک کا یہ اشتراک مستقبل میں ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا۔رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد ذیشان علی کو اس تاریخی خلائی مشن میں مکمل کامیابی اور سلامتی عطا فرمائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ذیشان علی کی یہ کامیابی پاکستان کی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی اور ان میں سائنسی تحقیق، نئی امید، حوصلے اور بڑے خواب دیکھنے کا جذبہ بیدار کرے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے چین لازوال دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ زندہ باد کا نعرہ بھی دہرایا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



