راولپنڈی۔24نومبر (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے اپنی دو خالی عمارتوں کو نجی شعبے کے اشتراک سے طبی اور متعلقہ سہولیات کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت نجی کلینکس، تشخیصی لیبارٹریاں، فارمیسیز اور بحالی مراکز قائم کیے جا سکیں گے۔ G بورڈ کے مطابق دونوں عمارتیں ٹینچ بھاٹہ اور چوہڑ ہڑپال میں واقع ہیں۔ ٹینچ بھاٹہ میں عمارت کے لیے مختص رقبہ 4,470.50 مربع فٹ جبکہ چوہڑ ہڑپال میں 2,711 مربع فٹ ہے جبکہ ان کا تعمیر شدہ رقبہ بالترتیب 2,246 اور 2,231 مربع فٹ ہے۔ G مجوزہ انتظام کے تحت دونوں عمارتیں ابتدائی طور پر پانچ سال کی مدت کے لیے کرائے پر دی جائیں گی جس میں معاہدے کی شرائط پوری ہونے کی صورت میں مزید پانچ سال کی توسیع کی گنجائش ہوگی۔مجوزہ طبی سہولیات میں ڈے کیئر کلینکس، ویلنس مراکز اور پیرا میڈیکل عملے کی تربیت کے ادارے بھی شامل ہو سکتے ہیں جس سے کنٹونمنٹ کے علاقوں میں طبی اور متعلقہ خدمات تک رسائی کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔
یہ پیش رفت کنٹونمنٹ بورڈ کے ڈسپنسری نیٹ ورک میں ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں سامنے آئی ہے جہاں ٹینچ بھاٹہ اور چوہڑ چوک میں قائم آر سی بی کی دو ڈسپنسریاں کم مریضوں کی آمد اور نسبتاً زیادہ انتظامی اخراجات کے باعث مالی طور پر غیر پائیدار قرار دیے جانے کے بعد بند کر دی گئی تھیں۔بورڈ کی جانب سے خالی املاک کو طبی سرگرمیوں کے لیے بروئے کار لانے کا اقدام گنجان آباد کنٹونمنٹ علاقوں میں طبی سہولیات کی دستیابی کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے تاہم اس وقت فعال ڈسپنسریوں کی تعداد، مریضوں کی آمد کے اعداد و شمار اور مجوزہ کرایہ داری کے عمل کے نتائج کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



