پشاور۔ 22 نومبر (اے پی پی):پشاور کی مصروف ورسک روڈ پر سنگِ مرمر کاٹنے والی مشینوں کے مسلسل شور کے درمیان 35 سالہ فراز خان وقت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے خام سنگِ مرمر کے بڑے بڑے بلاکس کو چمکدار اور خوبصورت سلیبوں میں تبدیل کرنے میں مصروف ہے، جن کی خیبر پختونخوا کی بڑھتی ہوئی تعمیراتی صنعت میں مانگ روز بروز بڑھ رہی ہے۔ تین مزدوروں کی مدد سے ایک معمولی سے تین کمروں پر مشتمل ماربل فیکٹری میں کام کرنے والا فراز، ضلع مہمند سے ٹرکوں کے ذریعے لائے جانے والے زیارت ماربل کے خام پتھر اتارتا ہے اور انہیں تراش کر خوبصورت اور قابلِ فروخت مصنوعات میں تبدیل کرتا ہے، جو گھروں، دفاتر اور تجارتی عمارتوں کی تعمیر و آرائش میں استعمال ہوتی ہیں۔
اس نوجوان کاروباری شخص کے لیے سنگِ مرمر کی ہر چمکدار سلیب محض پتھر کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ روزگار کا ذریعہ، دوسروں کے لیے ملازمتیں پیدا کرنے کا موقع اور ملک کے بڑھتے ہوئے صنعتی و تعمیراتی شعبوں کا حصہ بننے کی امید بھی ہے۔ تاہم ماربل کے کاروبار میں اس کا سفر کسی بڑے تجارتی خواب کے بجائے بے روزگاری اور غربت پر قابو پانے کی جدوجہد سے شروع ہوا۔ انہوں نے اتوار کے روز خام ماربل کی سلیبیں آرا مشین پر منتقل کرتے ہوئے اے پی پی کو بتایا کہ کئی سال بے روزگار رہنے کے بعد 2016 میں بطور مزدور اس مشکل پیشے سے وابستہ ہوا۔ گزشتہ سال اپنی ماربل یونٹ قائم کرنے کے بعد میری قسمت بدل گئی اور اب میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
ماربل اور گرینائٹ کی پروسیسنگ کو نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع قرار دیتے ہوئے فراز نے کہا کہ تکنیکی معلومات، مناسب سرمایہ اور مؤثر مارکیٹنگ کی مہارت رکھنے والے سرمایہ کار اس شعبے سے اچھا منافع حاصل کرسکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب خیبر پختونخوا اور پنجاب میں تعمیراتی سامان کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت سپر وائٹ ماربل اپنی چمک، پائیداری اور ٹھنڈک کی خصوصیات کے باعث ان دونوں صوبوں کے صارفین میں خاصا مقبول ہے جبکہ مہمند، سوات اور بونیر سے حاصل ہونے والی سفید، سرمئی اور سرخ و سفید اقسام کے ماربل کی مقامی منڈیوں میں مقبولیت بھی بڑھ رہی ہے۔ تاہم ماربل کی چھوٹی چھوٹی پروسیسنگ یونٹس میں جاری سرگرمیوں کے پس منظر میں ایک بہت بڑا معاشی موقع موجود ہے، جس سے خیبر پختونخوا تاحال بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ یہ موقع صوبے کے وسیع زیرِ زمین معدنی ذخائر کو صنعتی ترقی، روزگار کی فراہمی اور برآمدات پر مبنی معاشی نمو کے ایک طاقتور ذریعے میں تبدیل کرنے سے وابستہ ہے۔
سنگِ مرمر، گرینائٹ، کرومائٹ، تانبا، چونا پتھر، کوئلہ، قیمتی پتھروں، کوارٹز، سلیکا سینڈ اور متعدد دیگر قیمتی و صنعتی معدنیات کے وسیع ذخائر سے مالا مال خیبر پختونخوا میں پاکستان کے اہم ترین کان کنی، معدنی پروسیسنگ اور قیمتی پتھروں کی برآمدات کے مراکز میں شامل ہونے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ وزیرستان، باجوڑ اور مہمند کے معدنی وسائل سے مالا مال پہاڑوں سے لے کر سوات کی زمرد بردار وادیوں اور کوہستان کے قیمتی پتھروں کے ذخائر تک، صوبے کا ارضیاتی منظرنامہ سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، ہنرمند کارکنوں اور مقامی آبادیوں کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ ماہرین کا پختہ یقین ہے کہ ان وسائل کی منظم تلاش، سائنسی بنیادوں پر کان کنی اور جدید پروسیسنگ کے ذریعے اربوں روپے کی آمدن حاصل کرنے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے، ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرنے اور پاکستان کی صنعتی و برآمدی بنیاد کو نمایاں طور پر مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم اس وسیع صلاحیت کے باوجود معدنیات کا شعبہ بڑی حد تک ترقی سے محروم ہے۔ روایتی طریقہ ہائے کان کنی، ناکافی بنیادی ڈھانچہ، محدود سرمایہ کاری، مہنگری مشینری، توانائی کی قلت، کمزور نگرانی، ناقص انتظامی نظام اور ویلیو ایڈیشن کی کمی ایسے بڑے مسائل ہیں جو صوبے کو اپنے قدرتی وسائل سے زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کرنے سے روک رہے ہیں۔ اس صورتحال کے اثرات کان کنی اور پروسیسنگ کے پورے نظام میں نمایاں ہیں، جہاں قیمتی خام مال کی بڑی مقدار منڈیوں تک پہنچنے سے پہلے ہی ضائع ہوجاتی ہے جبکہ مقامی کاروباری افراد بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات اور جدید ٹیکنالوجی تک محدود رسائی کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔ ورسک روڈ پر ماربل کے خریدار اور نوشہرہ کے رہائشی ریاض خان نے اے پی پی کو بتایا کہ دو فٹ کی سفید ماربل سلیبوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث معیاری تعمیراتی سامان غریب اور کم آمدن والے متوسط طبقے کی قوتِ خرید سے باہر ہوتا جا رہا ہے، اس لیے قیمتوں کو مناسب سطح پر لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے منافع خوری کی حوصلہ شکنی، صارفین کے تحفظ اور بڑھتی ہوئی پیداوار کے فوائد عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے شفاف نظامِ قیمت اور مؤثر حکومتی نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ صنعتی سطح پر فرنٹیئر مائن اونرز ایسوسی ایشن کے صدر شیر بندی مروت نے کہا کہ پاکستان معدنی ذخائر کے حوالے سے بے پناہ وسائل رکھتا ہے جبکہ خیبر پختونخوا ملک کے ماربل ذخائر کا ایک نمایاں حصہ رکھتا ہے۔ صنعتی تخمینوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماربل کے ذخائر 2 ہزار 900 ملین ٹن سے زائد ہیں، جن میں سے تقریباً 75 فیصد خیبر پختونخوا میں واقع ہیں۔ انہوں نے صوبے میں زمرد، فیلڈ اسپار، گرینائٹ، چونا پتھر، کوارٹز، سلیکا سینڈ اور صابن پتھر کے ذخائر کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی کے فرسودہ طریقوں کے باعث معدنی صنعت کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی کے مقامات پر دھماکوں کے باعث ہر 15 میں سے تقریباً چھ ماربل سلیبیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ان کے مطابق غیر محتاط بلاسٹنگ سے قیمتی پتھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتا ہے، جس کے نتیجے میں تجارتی استعمال کے قابل خام مال کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری، پیشہ ورانہ تربیت اور تکنیکی مہارتوں کی عدم دستیابی صوبے کی کان کنی اور قیمتی پتھروں کی صنعت کی مسابقتی صلاحیت کو متاثر کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھاری ٹیکسوں، درآمدی مشینری کی بلند قیمتوں اور مہنگی بجلی کے باعث مشینی کان کنی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے، جس سے پیداواری کارکردگی اور ملکی برآمدی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔ تکنیکی اور مالی مسائل کے علاوہ کمزور طرزِ حکمرانی اور ماضی میں مبینہ غیر قانونی کان کنی بھی خیبر پختونخوا کے معدنی شعبے کو درپیش بڑے چیلنجز میں شامل ہیں۔
مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبر پختونخوا گورنر ہاؤس سمر ہارون بلور نے حال ہی میں صوبے میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر غیر قانونی پلاسر گولڈ مائننگ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں بھاری مشینری اور ہزاروں مزدور غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں چار ارب روپے مالیت کے سونے کی کان کنی کے ٹھیکے دیے گئے تھے تاہم قومی احتساب بیورو (نیب) کی انکوائری کے بعد 2025 میں انہیں معطل کردیا گیا۔ ان کے بقول معطلی کے باوجود مختلف علاقوں میں غیر قانونی کان کنی جاری رہی، جس سے صوبائی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔ سمر بلور نے بتایا کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات، ذمہ داران کی نشاندہی اور مناسب قانونی کارروائی کی سفارشات مرتب کرنے کے لیے ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر قانونی کان کنی میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی خزانے کو پہنچنے والے مالی نقصان کی وصولی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس تنازع نے ایک مرتبہ پھر اس امر کی اہمیت اجاگر کی ہے کہ معدنی وسائل سے صوبے اور اس کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے شفاف لائسنسنگ طریقہ کار، مؤثر نگرانی، ادارہ جاتی احتساب اور کان کنی کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی وسائل چند بااثر افراد کے بجائے پوری آبادی کی خوشحالی کا ذریعہ بن سکیں۔ صنعتی نمائندوں کا خیال ہے کہ قابلِ اعتماد ضابطہ جاتی نظام اور قوانین پر مستقل عمل درآمد کے بغیر معدنیات کی ترقی کے لیے بہترین پالیسیاں بھی پائیدار معاشی فوائد فراہم کرنے میں مشکلات کا شکار رہیں گی۔ قیمتی پتھروں کی صنعت معاشی تنوع اور زرمبادلہ کے حصول کا ایک اور اہم ذریعہ بن سکتی ہے تاہم اب وقت آگیا ہے کہ ان کی غیر قانونی نقل و حمل اور اسمگلنگ کو روکا جائے۔
سابق صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) یوسف سرور نے کہا کہ مختلف ادوار کی حکومتوں کی غیر مستقل اور ناکافی پالیسیوں کے باعث کان کنی اور معدنیات کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا نایاب اور بین الاقوامی سطح پر مقبول قیمتی پتھروں کا مرکز ہونے کے باوجود اس شعبے کی وسیع تر صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ ان میں سوات کا زمرد، مردان کا پکھراج، مہمند کا نیفرائٹ اور کوہستان کا پیریڈوٹ شامل ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا کے بہترین قیمتی پتھروں کے ذخائر رکھنے کے باوجود صوبہ اب تک پروسیسنگ اور برآمدات کا ایسا مؤثر نظام قائم نہیں کرسکا جو عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو
آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (اے پی سی ای اے) کے سرپرستِ اعلیٰ مامور خان نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ تقریباً آٹھ لاکھ قیراط یاقوت، 87 ہزار قیراط زمرد اور 50 لاکھ قیراط پیریڈوٹ برآمد کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی، دھماکہ خیز مواد کے ذریعے غیر محتاط کھدائی اور پروسیسنگ کی ناکافی سہولیات کے باعث یہ قیمتی وسائل ضائع ہو رہے ہیں۔ان کے مطابق اس خطے کے خام قیمتی پتھروں کی چین، افغانستان، امریکہ، بیلجیم اور برطانیہ سمیت بین الاقوامی منڈیوں میں تجارت ہوتی ہے لیکن اسمگلنگ اور جدید تراش خراش، پالش اور سرٹیفکیشن کی سہولیات کی کمی کے باعث پاکستان ان کی مکمل تجارتی قدر حاصل کرنے میں ناکام ہے۔
مامور خان نے تخمینہ ظاہر کیا کہ پاکستان کی قیمتی پتھروں کی صنعت میں تقریباً 32 ارب امریکی ڈالر کی برآمدی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے اس صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشن نظام، ہنرمند افرادی قوت اور ادارہ جاتی معاونت کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پشاور کی نمک منڈی میں قائم قیمتی پتھروں کی مارکیٹ کو صنعتی مرکز کا درجہ دے کر وہاں جدید تراش خراش، پالش، درجہ بندی، جانچ اور سرٹیفکیشن کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پشاور کو علاقائی سطح پر قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ اور تجارت کا اہم مرکز بنایا جاسکتا ہے، جس سے بین الاقوامی خریداروں کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ہنرمند کاریگروں، تاجروں اور مزدوروں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ڈاکٹر یوسف سرور نے کہا کہ صوبائی معیشت میں معدنیات کے شعبے کا حصہ اس کے وسیع قدرتی وسائل کے مقابلے میں غیر متناسب طور پر کم ہے۔
انہوں نے کان کنوں کے لیے بلاسود مالی معاونت، درآمدی مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں کمی اور سستی بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا تاکہ مشینی کان کنی کی حوصلہ افزائی، مقامی پروسیسنگ صنعتوں کا قیام اور پاکستانی معدنی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں مسابقتی صلاحیت بہتر بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صرف کان کنی کے لیز اور ٹھیکے جاری کرنے کے روایتی طریقہ کار سے آگے بڑھ کر ایک مربوط معدنی معیشت کی تشکیل پر توجہ دینی چاہیے، جہاں کان کنی، پروسیسنگ، مینوفیکچرنگ اور برآمدات کو ایک منظم صنعتی نظام کے ذریعے آپس میں منسلک کیا جائے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کان کنی کے مقامات کے قریب پروسیسنگ صنعتیں قائم کرنے سے نقل و حمل کے اخراجات میں نمایاں کمی، قیمتی خام مال کے ضیاع کی روک تھام اور دور دراز اضلاع میں روزگار کے اضافی مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں، جہاں معاشی سرگرمیوں کے مواقع اکثر محدود ہوتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پاکستان اپنے معدنی وسائل سے کہیں زیادہ آمدن حاصل کرسکتا ہے، بجائے اس کے کہ خام مال نسبتاً کم قیمت پر برآمد کیا جائے اور مہنگی تیار شدہ مصنوعات درآمد کی جائیں۔ دریں اثنا، سرکاری حکام کے مطابق صوبائی حکومت معدنی وسائل کی تلاش بہتر بنانے، سرمایہ کاری راغب کرنے اور کان کنی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہنگو اور اورکزئی میں تقریباً 82 ملین ٹن کوئلے کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے نو ملین ٹن ترقی یافتہ ذخائر ہیں جبکہ شانگلہ اور سوات میں کرومائٹ کے نمایاں ذخائر بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق معدنیات اور قیمتی پتھروں کے لیز، جن میں سوات کا زمرد لیز بھی شامل ہے، سرمایہ کاری اور آمدن کے مواقع پیدا کر رہے ہیں جبکہ صوبے کو معدنیات، کانوں اور قیمتی پتھروں سے محدود آمدن حاصل ہو رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور شفافیت بہتر بنانے کے لیے مائننگ کیڈسٹر پورٹل متعارف کرایا گیا ہے جبکہ معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کی ارضیاتی نقشہ سازی پاکستان جیولوجیکل سروے کے تعاون سے جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ چترال، اورکزئی اور کرم کے بعض علاقوں سمیت صوبے کے تقریباً 30 فیصد حصے کی ارضیاتی نقشہ سازی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ باقی علاقوں کے سروے آئندہ مراحل میں کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے ممکنہ سرمایہ کاروں کو زیادہ قابلِ اعتماد ارضیاتی معلومات فراہم ہونے، معدنی وسائل کی تلاش سے متعلق غیر یقینی صورتحال کم کرنے اور تجارتی لحاظ سے قابلِ عمل ذخائر کی نشاندہی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ حکومتی ترقیاتی منصوبوں میں قیمتی پتھروں کی لیبارٹری، تکنیکی تربیت اور سرٹیفکیشن مرکز کا قیام، معدنیات کی جانچ کی لیبارٹریوں کو مضبوط بنانا اور پشاور کے علاقے حیات آباد میں منرل کمپلیکس کا قیام بھی شامل ہے۔ مجوزہ کمپلیکس میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولیات، تکنیکی معاونت اور مشاورتی خدمات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ وہ ضابطہ جاتی طریقہ کار کو آسانی سے مکمل کرنے اور صوبے میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کے قابل ہوسکیں۔ حکام کے مطابق منرل ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے قیام، مزید علاقائی دفاتر کھولنے اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی مؤثر بنانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ سمر بلور نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
معدنی وسائل پر مبنی صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے خصوصی ماربل پروسیسنگ زونز کا قیام بھی صوبائی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ مہمند ماربل سٹی 350 ایکڑ رقبے پر قائم کیا جا رہا ہے جبکہ اسی نوعیت کا ایک منصوبہ بونیر میں بھی تجویز کیا گیا ہے۔ یہ دونوں اضلاع ماربل کے وسیع ذخائر اور پروسیسنگ و مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی نمایاں صلاحیت رکھتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ماربل سٹی رسالپور میں 28 سے زائد صنعتی یونٹس نے پیداوار شروع کردی ہے، جو منظم ماربل پروسیسنگ کی سہولیات میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی طرح رشکئی اور نوشہرہ کے خصوصی اقتصادی زونز میں مختص کیے گئے علاقے ماربل اور معدنیات سے متعلق صنعتوں کے قیام کے لیے استعمال کیے جانے کی توقع ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو جدید پیداواری یونٹس قائم کرنے اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے مواقع میسر آئیں گے۔ ورسک روڈ سے ماربل پروسیسنگ یونٹس کو قریبی صنعتی زونز میں منتقل کرنے کی مجوزہ حکمت عملی کا مقصد ماحولیاتی مسائل، خصوصاً گردوغبار کی آلودگی اور گنجان آباد شہری علاقوں میں ماربل کی کٹائی سے پیدا ہونے والی خراب ہوتی ہوئی کام کی صورتحال پر قابو پانا بھی ہے۔
مقامی آبادی کے لیے ان یونٹس کی منتقلی صاف ستھرے ماحول کا باعث بن سکتی ہے جبکہ صنعت کاروں کو بہتر بنیادی ڈھانچے، منظم پیداواری سہولیات اور کاروبار میں توسیع کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔ فراز خان جیسے مقامی کاروباری افراد کے لیے ان اقدامات کی حقیقی کامیابی کا اندازہ صرف جاری کیے جانے والے کان کنی کے لیز، حاصل کردہ پیداواری اہداف یا حکومت کی جمع کردہ آمدن سے نہیں لگایا جائے گا۔ بلکہ اس کا حقیقی اظہار چھوٹی فیکٹریوں میں جدید مشینری کی دستیابی، قیمتی پتھروں کے ضیاع میں کمی، محفوظ کام کے ماحول، اسمگلنگ کی روک تھام، مزدوروں کے لیے مستقل روزگار اور مقامی کاروباری افراد کو اپنے چھوٹے کاروباروں کو مسابقتی صنعتی اداروں میں تبدیل کرنے کے مواقع کی صورت میں سامنے آئے گا۔ صوبے کو ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے جو معدنی وسائل کی تلاش کو پروسیسنگ، مینوفیکچرنگ، مارکیٹنگ اور برآمدات سے منسلک کرے۔
سستی مالی معاونت، جدید ٹیکنالوجی، ہنرمند افرادی قوت، بجلی کی قابلِ اعتماد فراہمی اور سرمایہ کار دوست پالیسیاں اس تبدیلی کے بنیادی اجزا ہونے چاہئیں۔اسی طرح اس بات کو یقینی بنانا بھی انتہائی اہم ہے کہ کان کنی سے وابستہ مقامی آبادیوں کو ان کی زمین سے نکالے جانے والے وسائل سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد میں منصفانہ حصہ ملے۔ مقامی بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور فنی تربیت میں سرمایہ کاری کے ذریعے معدنی دولت کو عوام کی زندگیوں میں حقیقی اور مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔ ماحولیاتی پائیداری کو بھی مرکزی اہمیت دینا ضروری ہے۔ غیر منظم دھماکے، ضرورت سے زیادہ کھدائی اور کان کنی کے فضلے کو غیر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے سے جنگلات کو نقصان، آبی وسائل کی آلودگی، پہاڑی ماحولیاتی نظام میں خلل اور قریبی آبادیوں کو سنگین ماحولیاتی و طبی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
لہٰذا ذمہ دارانہ کان کنی کے طریقوں، ماحولیاتی اثرات کے جائزے، ختم شدہ کانوں کی بحالی اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ معاشی ترقی آنے والی نسلوں کے مفادات کی قیمت پر نہ ہو۔ شفاف پالیسیوں، جوابدہ اداروں، سائنسی بنیادوں پر معدنی وسائل کی تلاش، جدید ٹیکنالوجی اور سرکاری و نجی شعبے کے درمیان مسلسل تعاون کے ذریعے خیبر پختونخوا اپنے زیرِ زمین معدنی خزانوں کو پائیدار معاشی خوشحالی کے ایک مؤثر ذریعے میں تبدیل کرسکتا ہے۔ ورسک روڈ پر ماربل کاٹنے والی مشینوں کے ساتھ کام کرنے والے ایک نوجوان کاروباری شخص کے لیے یہ تبدیلی محض حکومت کا کوئی بلند بانگ ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ اپنے کاروبار کو وسعت دینے، مزید نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور اپنی ہی سرزمین کے قدرتی وسائل کے ذریعے ایک محفوظ مستقبل تعمیر کرنے کی امید ہے۔
فراز کی کہانی خیبر پختونخوا کے ہزاروں کان کنوں، مزدوروں، تاجروں اور چھوٹے کاروباری افراد کی ان امنگوں کی عکاسی کرتی ہے جو یقین رکھتے ہیں کہ صوبے کے پہاڑ ایک بہتر مستقبل کی ضمانت اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔ حقیقی موقع صرف زمین کی تہہ میں دفن معدنیات نکالنے میں نہیں بلکہ ایسا معاشی نظام تشکیل دینے میں پوشیدہ ہے جو ان قدرتی وسائل کو صنعتوں، روزگار، برآمدات اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار خوشحالی میں تبدیل کرسکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



