کوئٹہ۔ 28 نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات بلوچستان زاہد سلیم کی سربراہی میں صوبائی سیکرٹریز کے اعلیٰ سطحی وفد نے گوادر پورٹ کا دورہ کر کے گوادر پورٹ اتھارٹی کے واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور جی پی اے کے اعلیٰ حکام نے وفد کا استقبال کیا اور پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔ وفد میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شاہ زیب خان، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لال جان جعفر، سیکرٹری زراعت و کوآپریٹوز داود خان خلجی، سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمٰن بلوچ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، مواصلات و تعمیرات، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ کے ڈاکٹر سجاد بلوچ، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سمیت دیگر حکام شامل تھے۔
دورے کے موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور پلانٹ انچارج انجینئر گلزار بلوچ نے وفد کو ڈی سیلینیشن پلانٹ کی استعداد، سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے مراحل اور شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیرمین گوادر پورٹ نے بتایا کہ جی پی اے کا ڈی سیلینیشن پلانٹ کم لاگت پر شہریوں کو پانی فراہم کر رہا ہے اور اس کی فی گیلن پیداواری لاگت انتہائی کم ہے۔ پلانٹ روزانہ 10 لاکھ گیلن سمندری پانی کو صاف کرکے پینے کے قابل بناتا ہے جبکہ تیار شدہ پانی ٹی ڈی ایس کے لحاظ سے عالمی ادارہِ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مقررہ معیار کے مطابق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پانی کے بحران کے دوران بھی شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی، جو پلانٹ کی مسلسل فعالیت اور انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹریز کے وفد نے جی پی اے کی کوششوں کو سراہا اور پانی کی فراہمی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جی پی اے کی کاوشوں سے گوادر میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ وفد کے مطابق ڈی سیلینیشن پلانٹ مستقبل میں بھی کسی ممکنہ آبی بحران سے نمٹنے اور شہر کو پانی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے تیار ہے
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



