اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):قاضی فاؤنڈیشن 15 ہزار ڈالر مینز ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کا پہلا مرحلہ کل اتوار 29 نومبر سے پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں شروع ہوگاجس میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شرکت کریں گے۔
ہفتہ کو پی ٹی ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈز میں 64 کھلاڑی حصہ لیں گےجوپاکستان کی ٹینس تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا کوالیفائنگ ڈرا ہوگا۔
ایونٹ میں پاکستان کے 24 کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں، جن میں ملک کے نامور ٹینس کھلاڑی عقیل خان، محمد شعیب، مزمل مرتضیٰ، برکت اللہ، یوسف خلیل، احمد نائل قریشی، ابوبکر طلحہ، نادر مرزا، حمزہ رومان اور عامر مزاری سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔چیمپئن شپ میں 32 ممالک کے 65 غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے، جن کا تعلق ترکیہ، جمہوریہ چیک، سعودی عرب، ایسٹونیا، سربیا، روس، کویت، پولینڈ، ازبکستان، آئرلینڈ، برطانیہ، ملائیشیا، زمبابوے، اردن، نیپال، کینیڈا، یونان، کروشیا، قازقستان، امریکا، ہانگ کانگ، فرانس، جاپان، چین، گھانا، شام، لبنان، جرمنی، برازیل، آسٹریلیا، اٹلی اور ایران سے ہے۔
چیمپئن شپ کی ٹائٹل اسپانسر قاضی فاؤنڈیشن ہےجو گزشتہ 24 برس سے پاکستان میں تعلیمی مواقع کے فروغ، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی تعلیم، تعلیمی معاونت اور نوجوانوں کی ترقی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نےمقامی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن ملک میں پروفیشنل ٹینس کے فروغ اور ترقی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ویمنز فیوچرز ٹورنامنٹس، بلی جین کنگ کپ اور چار ورلڈ ٹینس جونیئر ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے بعد پی ٹی ایف اسلام آباد میں مسلسل دو مینز فیوچرزٹورنامنٹس منعقد کر رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 15 ہزار ڈالر جبکہ دوسرے مرحلے میں 25 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی پروفیشنل ٹورنامنٹس کا انعقاد قومی کھلاڑیوں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر غیر ملکی کھلاڑیوں کے خلاف مقابلوں سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے، عالمی رینکنگ بہتر بنانے اوربیرون ملک سفر کے اضافی اخراجات کے بغیر اپنے پروفیشنل کیریئر کو آگے بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بین الاقوامی ایونٹس پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کےساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے محفوظ، دوستانہ اور پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنے کی ملک کی صلاحیت کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔پی ٹی ایف کے صدر نےٹورنامنٹ کے ٹائٹل اسپانسر قاضی فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اشتراک پروفیشنل ٹینس کے فروغ اور پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل (ر) نے بھی تمام شریک کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن چیمپئن شپ کے کامیاب اور منظم انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



