فیصل آباد۔ 27 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد رجانہ روڈ پر گزشتہ رات پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے خواتین ،بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے چک نمبر 66 ج۔ب دھاندرہ میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ پورا علاقہ سوگ کی کیفیت میں ڈوب گیا۔
اپنے پیاروں کو ایک ساتھ سپرد خاک کرنے کے المناک لمحے نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔نماز جنازہ میں ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 100 ڈاکٹر نثار احمد جٹ، ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 108 رانا آفتاب احمد خاں، سابق ایم پی اے میاں اجمل آصف، خواجہ اسلام، ڈاکٹر چوہدری محمد یاسین، چیئرمین پاکستان لیبر قومی موومنٹ بابا لطیف انصاری، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالمجید، ایس ایچ او تھانہ ایئرپورٹ وسیم طارق رندھاوا سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے مرحومین کے دیگر رشتہ داروں اور لواحقین سے دلی تعزیت اور گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی المناک حادثے میں اموات ناقابل تلافی سانحہ ہے، جس نے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے علاقے کو غمزدہ کر دیا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطا فرمائے۔
نماز جنازہ کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، ہر طرف آہوں اور سسکیوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ شرکاء نے مرحومین کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیےصبر و استقامت کی دعا کی۔اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی قبروں کو نور سے منور فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



