اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہد خان مہمند نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے تقریباً 60 دستکاروں، ہنرمندوں اور روایتی ثقافت کے نمائندوں کی لوک ورثہ میلہ میں شرکت صوبے کے قدیم ثقافتی ورثے، روایتی دستکاریوں، علاقائی کھانوں اور ملبوسات کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بن گئی ہے، 27 نومبر سے 6 دسمبر تک جاری رہنے والے 10روزہ لوک ورثہ میلے میں خیبرپختونخوا سمیت ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں سے دستکار، ہنرمند اور ثقافتی نمائندے شریک ہیں جہاں انہیں اپنی روایات، فنون اور ثقافتی شناخت کو عوام کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہد خان مہمند نے ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے تقریباً 60 دستکاروں اور ہنرمندوں کو میلے میں شرکت کے لئے لایا گیا ہےجنہیں رہائش، کھانے اور دیگر ضروری سہولیات سمیت ہر ممکن معاونت فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دستکار اور ہنرمند ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان میں سے ہر ایک کا فن اور ہنر نسل در نسل منتقل ہوتا آیا ہے، اس لئے ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی نہ صرف ان کے روزگار بلکہ ہماری ثقافتی شناخت اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لئے بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔شاہد خان مہمند نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور مشیر ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے خصوصی ہدایات دی ہیں کہ رواں سال گزشتہ برسوں کے مقابلے میں دستکاروں کو مزید بہتر سہولیات اور مؤثر معاونت فراہم کی جائے جس کے تحت اس مرتبہ انتظامات اور سہولت کاری کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد دستکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی مصنوعات اور فنون کی نمائش کے ذریعے براہ راست آمدن کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے تاکہ ان کے ہنر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال خواتین دستکاروں اور ہنرمندوں کی شرکت اور حوصلہ افزائی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور معاشی طور پر خودمختار ہونے کے مزید مواقع میسر آسکیں۔
انہوں نے لوک ورثہ میلے کے انعقاد، انتظامات اور سہولت کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور منتظمین نے تمام صوبوں کے ثقافتی نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے قومی یکجہتی، ثقافتی ہم آہنگی اور پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے کے فروغ کے لئے قابلِ تحسین اقدام کیا ہے۔ شاہد خان مہمند نے امید ظاہر کی کہ لوک ورثہ میلہ نہ صرف مختلف علاقوں کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے بلکہ مقامی دستکاروں اور ہنرمندوں کے لئے معاشی مواقع پیدا کرنے اور ان کے روایتی فنون کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



