اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):آزاد کشمیر بھر میں کسانوں کی رجسٹریشن مہم جاری ہے جبکہ محکمہ زراعت نے زمینداروں سے رجسٹریشن کروانے کی اپیل کی ہے،مستقبل میں محکمہ زراعت کی ترقیاتی سکیموں سے صرف وہی زمیندار فائدہ اٹھا سکیں گے جو محکمہ زراعت کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے۔
سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک و آبپاشی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر احسان الحق اور ڈائریکٹر جنرل زراعت ڈاکٹر اعجاز کی ہدایات کی روشنی میں آزاد کشمیر بھر میں کسانوں کی رجسٹریشن مہم جاری ہے۔اس مہم کا بنیادی مقصد زمینداروں کے ملکیتی و قابلِ کاشت رقبہ جات، فصلوں، باغات اور دیگر زرعی سرگرمیوں کا مستند ریکارڈ مرتب کرنا ہے تاکہ حکومت آزاد کشمیر کو زرعی شعبے کی حقیقی صورتحال اور کسانوں کی ضروریات سے آگاہی حاصل ہو اور مستقبل میں زراعت کی ترقی کے لیے بہتر منصوبہ بندی، ترقیاتی سکیمیں اور سہولیات متعارف کروائی جا سکیں۔
اس ضمن میں دیگر اضلاع کی طرح محکمہ زراعت نے ضلع بھر کے تمام زمینداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی رجسٹریشن کروائیں اور اپنے ملکیتی و قابلِ کاشت رقبہ جات سمیت تمام ضروری معلومات درست طور پر محکمہ زراعت کو فراہم کریں۔ واضح رہے کہ مستقبل میں محکمہ زراعت کی ترقیاتی سکیموں سے صرف وہی زمیندار فائدہ اٹھا سکیں گے جو محکمہ زراعت کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے۔
محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ تمام زمیندار اپنی رجسٹریشن بروقت یقینی بنائیں رجسٹریشن کے لیے تمام زمیندار اپنی اپنی یونین کونسل کی سطح پر قائم قریبی زرعی توسیعی مراکز سے رابطہ کریں اور وہاں تعینات عملے کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروائیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



