لاہور۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے سابق قومی کرکٹر یاسر عرفات کو ڈائریکٹر کرکٹ مقرر کر دیا ہے، جس کے بعد فرنچائز کے تمام کرکٹ امور کی ذمہ داریاں اب ان کے سپرد ہوں گی۔ملتان سلطانز انتظامیہ کی جانب سے یاسر عرفات کی تقرری پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
ان کی ذمہ داریوں میں ٹیم کے کرکٹ سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی، منصوبہ بندی اور دیگر اہم امور شامل ہوں گے۔ اس تقرری کے بعد یاسر عرفات فرنچائز کے کرکٹ معاملات کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کے کرکٹ معاملات کی نگرانی عبوری طور پر گوہر شاہ انجام دے رہے تھے، تاہم اب یہ ذمہ داریاں باضابطہ طور پر یاسر عرفات کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
اس موقع پر گوہر شاہ نے یاسر عرفات کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی قیادت میں ملتان سلطانز کو مزید آگے لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔یاسر عرفات کی تقرری کو فرنچائز کے کرکٹ معاملات کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ ان کا تجربہ اور کرکٹ سے وابستگی ملتان سلطانز کے لیے مثبت ثابت ہوگی اور ٹیم مستقبل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



