لندن۔25نومبر (اے پی پی):انگلش پریمیئر لیگ میں برینٹ فورڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 کھلاڑیوں پر مشتمل ایورٹن کو 0-4 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 6 میں جگہ بنا لی۔برینٹ فورڈ کے جانب سے کین لیوس پوٹر،وٹالی جینلٹ اور فیبیو کاروالیو نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق جی ٹیک کمیونٹی سٹیڈیم، برینٹ فورڈ، انگلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیون لیوس پوٹر نے 2 گول سکور کیے۔
برینٹ فورڈ نے ابتدا ہی سے میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔ لیوس پوٹر نے پہلے ہاف میں 2 مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا، جبکہ دونوں مواقع پر ان کے شاٹس مخالف کھلاڑیوں سے ٹکرا کر گول میں داخل ہوئے اور ایورٹن کے گول کیپر جارڈن پک فورڈ انہیں روکنے میں ناکام رہے۔ایورٹن کے لیے مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب کپتان جیمز ٹارکووسکی کو وی اے آر جائزے کے بعد مخالف کھلاڑی کو خطرناک انداز میں ٹکر مارنے پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
یوں ایورٹن نے میچ کا نصف سے زائد حصہ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔دوسرے ہاف میں برینٹ فورڈ کے وٹالی یانلٹ نے دور سے شاندار شاٹ لگا کر تیسرا گول کیا، جبکہ 90ویں منٹ میں فیبیو کاروالیو نے چوتھا گول کرکے اپنی ٹیم کی بڑی فتح یقینی بنا دی۔برینٹ فورڈ کے منیجر کیتھ اینڈریوز نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریڈ کارڈ سے قبل بھی ان کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا اور وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
دوسری جانب ایورٹن کے منیجر ڈیوڈ موئیس نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی مقررہ معیار سے بہت کم رہی اور اس شکست کے لیے کوئی بہانہ نہیں بنایا جا سکتا۔اس کامیابی کے بعد برینٹ فورڈ کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں اور اب اس کا اگلا مقابلہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے ہوگا، جبکہ ایورٹن کو آئندہ اتوار لیورپول کے خلاف مرسی سائیڈ ڈربی کھیلنا ہے۔ جیمز ٹارکووسکی ریڈ کارڈ کے باعث اس اہم مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


