لاہور۔24نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل، کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی اور صدر وفاق المدارس و جامعات الدینیہ پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قومی اتحاد، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے مزید استحکام اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا استحکام عالم اسلام کے اتحاد سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔انہوں نے یہ بات پنجاب یونیورسٹی کے زید اسلامک سینٹر کے آڈیٹوریم میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر متحدہ مدارس کونسل کے قائدین، علما و مشائخ اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ مدارسِ عربیہ کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا 26 سالہ دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مدارسِ عربیہ کی رجسٹریشن ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن (ڈی جی آر ای) کے نظام اور سوسائٹیز ایکٹ، دونوں کے تحت شروع ہو چکی ہے جبکہ مدارس کے بینک اکاؤنٹس بھی کھل رہے ہیں۔ انہوں نے اس پیشرفت کو ریاست کے موجودہ ذمہ داران کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس دیرینہ مسئلے کے حل کی توفیق عطا فرمائی۔ طاہر اشرفی نے اس جدوجہد میں متحدہ مدارس کونسل، مدارس کے تمام وفاقوں اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کردار کو سراہا۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، متحدہ مدارس کونسل، مدارس کے تمام وفاقوں اور مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنے والے دیگر ملکی اکابرین کا شکریہ ادا کیا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے سعودی قیادت کے اس عزم کا حوالہ دیا کہ چیلنجز کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے گا اور کشیدگی کو امت مسلمہ کی تقسیم کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام، مذہبی وابستگی اور امن و استحکام کے مشترکہ عزم پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو قریب لانے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں پاکستان کی اہم ذمہ داری ہے۔ مغربی ایشیا اور فلسطین کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی انسانی ہمدردی اور سفارتی کوششوں کو سراہا اور غزہ کے عوام سمیت عالم اسلام کی مظلوم برادریوں کی مزید اجتماعی حمایت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا تقدس مسلمانوں کو فرقہ وارانہ اور قومی حدود سے بالاتر ہو کر متحد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کے لئے خانہ کعبہ ہی قبلہ ہے، اس لئے لوگوں کو فرقہ وارانہ اختلافات سے بالاتر ہو کر حرمین شریفین کے تحفظ اور وقار کے لئے متحد ہونا چاہئے۔
پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے ملک کے دفاع میں مسلح افواج کے کردار پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کا احترام کیا جانا چاہئےتاہم انہوں نے زور دیا کہ خطرات کے مقابلے میں ہر اقدام ریاستی نظم و ضبط اور کمان کے نظام کے تحت ہونا چاہئے۔انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان میں سیاسی، فرقہ وارانہ، لسانی اور علاقائی تقسیم کو ہوا دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ قومی یکجہتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے لئے پاکستان کے کردار کو کمزور کیا جا سکے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں، مذہبی گروہوں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ محاذ آرائی کی مہمات کا حصہ بننے کے بجائے ملک کے استحکام اور اداروں کی مضبوطی کے لئے کام کریں۔انہوں نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈے کے حوالے سے بھی خبردار کیا اور موجودہ حالات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ کوئی بھی معلومات آگے پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کریں، افواہوں سے گریز کریں اور سوشل میڈیا کو تعمیری مکالمے اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے استعمال کریں۔دہشت گردی اور مذہب کے نام پر بے گناہ انسانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ ایسے اقدامات اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔
انہوں نے انتہا پسند گروہوں کے نظریے کو مسترد کرتے ہوئے اسے مسلم اتحاد، عوامی تحفظ اور ملکی استحکام کے لئے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے علماء، طلبہ اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ رواداری، اخوت اور پُرامن بقائے باہمی کا پیغام عام کریں اور پاکستان کی سلامتی، حرمین شریفین کے تقدس اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔اپنے خطاب کے اختتام پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے شرکا ء پر زور دیا کہ وہ ثابت قدمی، قومی یکجہتی اور اسلام کی خدمت کا پیغام لے کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طاقت اتحاد، ذمہ دارانہ طرز عمل اور امن کے لئے اجتماعی عزم میں مضمر ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



