فیصل آباد۔ 24 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو شہد کی مکھیوں و دیگر مفید حشرات کے تحفظ کیلئے فصلوں پر زرعی زہروں کے محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہد کی مکھیاں فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی زیرگی، بہتر پیداوار اور قدرتی ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جبکہ فصلوں پر زرعی زہروں کا غیر ضروری استعمال ان کی اموات اور کالونیوں کی کمزوری کا سبب بن سکتا ہے۔کاشتکار فصلوں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور نقصان دہ کیڑوں کی تعداد اور نقصان کی معاشی حد تک پہنچنے پر ہی محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔ مزید برآں صرف رجسٹرڈ اور متعلقہ فصل و کیڑے کے لیے منظور شدہ زرعی زہر استعمال کریں اور لیبل پر درج مقدار و حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
کیڑوں کے تدارک کے لیے حیاتیاتی، میکانیکی و دیگر غیر کیمیائی طریقوں کو ترجیح دی جائے۔محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ فصلوں اور باغات میں پھول آنے کے دوران جہاں تک ممکن ہو کیڑے مار زہروں کے سپرے سے گریز کیا جائے۔ اگر سپرے ناگزیر ہو تو محکمہ زراعت پنجاب کے ماہرین کے مشورے سے شہد کی مکھیوں و مفید حشرات کیلئے نسبتاً کم خطرے والی دوا استعمال کریں۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ کھیتوں یا باغات کے قریب شہد کی مکھیوں کے چھتے موجود ہونے کی صورت میں ان کے مالکان کو جہاں ممکن ہو کم از کم 48 گھنٹے پہلے سپرے کے بارے میں مطلع کیا جائے اور زرعی زہر کا نام، فعال جزو اور سپرے کا متوقع وقت بھی بتایا جائے۔ کاشتکار فصلوں پر زرعی زہروں پرسپرے کے دوران تیز ہوا سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ مناسب نوزل اور مشین کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ زرعی زہروں کے ذرات قریبی کھیتوں، باغات اور پھول دار پودوں تک نہ پہنچیں۔ مزید برآں کھیتوں کے کناروں پر مقامی پھول دار پودوں کا تحفظ کیا جائے اور شہد کی مکھیوں کے چھتوں کو سپرے، دھند اور دوا کے چھینٹوں سے محفوظ رکھا جائے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



