ملتان۔ 23 نومبر (اے پی پی):سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ( سی سی آر آئی )ملتان کی ڈائریکٹر صباحت حسین نے کہا ہے کہ وہ کپاس کی آخری چنائی کے فوراً بعد کھیتوں میں گائیں، بھینسیں، بھیڑ اور بکریاں چرائیں، تاکہ باقی ماندہ ادھ کھلے اور بغیر کھلے ٹینڈے کھا لیے جائیں اور ان کے اندر موجود لاروے تلف ہو جائیں۔ کاشتکاروں کے نام جاری پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کاشتکار پودوں پر موجود وہ ٹینڈے جو ابھی نہیں کھلے انہیں توڑ کر دھوپ میں رکھ دیں تاکہ وہ کھل جائیں اور اضافی پھٹی حاصل ہو سکے جبکہ سنڈی بھی مر جائے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ کاشتکارگلابی سنڈی کے آف سیزن کنٹرول اور چھڑیوں کے محفوظ استعمال کے لیے بروقت اقدامات کریں،گلابی سنڈی کپاس کی سب سے خطرناک کیڑوں میں سے ایک ہے جو سردیوں میں بغیر کھلے ٹینڈوں، چھڑیوں کے مڈھوں اور کھیت کے کچرے میں پیوپے کی شکل میں سرمائی نیند گزارتی ہے اور اگر اس وقت مناسب تدابیر نہ اختیار کی جائیں تو اگلی فصل پرشدید حملہ ہو سکتا ہے اوراس سے پیداوار اور ریشہ کی کوالٹی دونوں متاثر ہوتی ہیں۔
ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان نے کہا ہے کہ اگر کپاس کی چھڑیوں کو بطور ایندھن استعمال کرنا مقصود ہو تو انہیں زمین کی سطح سے کاٹ کر چھوٹے چھوٹے گٹھے بنائیں اور عمودی حالت میں رکھیں،اس طرح کہ مڈھ نیچے کی طرف ہوں ،تاکہ سورج کی روشنی اندر موجود لارووں اور پیوپوں تک پہنچے اور وہ جلدی پروانے بن کر باہر نکل آئیں،ہفتہ میں ایک آدھ بار گٹھوں کو الٹ پلٹ کرتے رہیں تاکہ تمام حصے دھوپ میں آ سکیں اور گٹھوں کے نیچے موجود کچرے کو یا تو آگ لگا دیں یا زمین کھود کر دبا دیں کیونکہ اس کچرے میں بھی سنڈی چھپی ہوتی ہے،چھڑیوں کے ڈھیروں کے قریب ایک جنسی پھندا لگا دیں تاکہ نکلنے والے پروانوں کو پکڑا جا سکے،مڈھوں اور باقیات کی تلفی کے لیے روٹا ویٹر، سلیشر یا ڈسک ہیرو چلا کر انہیں زمین میں ملا دیں تاکہ چھپے ہوئے لاروے اور پیوپے سطح پر آ جائیں اور دھوپ یا قدرتی دشمنوں سے تلف ہو جائیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



