اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):عورت فاؤنڈیشن کے حکام نے سینئر صحافی،ٹریڈ یونین رہنما، جمہوریت پسند اور انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافت، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کی جدوجہد کیلئے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ پیر کو عورت فاؤنڈیشن کی صدر انیس ہارون، ایگزیکٹو ڈاریکٹرنعیم احمد مرزا اور چیف آپریٹنگ آفیسر ممتاز مغل نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں حسین نقی کی صحافت، آزادیٔ اظہار، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے طویل اور گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر محترمہ انیس ہارون نے کہا کہ حسین نقی نے اپنی پوری زندگی صحافت کی آزادی، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے گزاری، وہ ایک اصول پسند صحافی اور باخبر سماجی شعور رکھنے والی شخصیت تھےجنہوں نے ہر دور میں حق اور سچ کا ساتھ دیا۔
حسین نقی مرحوم کی خدمات اور جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ایگزیکٹو ڈاریکٹرنعیم احمد مرزا اور چیف آپریٹنگ آفیسر ممتاز مغل نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت اور جمہوریت کا ایک روشن باب بند ہوگیا ہے، ان کے جانے سے ایسا خلا پیدا ہوا ہے جسے پُر کرنا آسان نہیں ہوگا۔ عورت فاؤنڈیشن کے رہنماؤں نے مرحوم کے اہلِ خانہ، صحافتی برادری، انسانی حقوق کے کارکنوں اور ان کے چاہنے والوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا کرے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



