اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے وفاقی بیوروکریسی میں متعدد افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، جس کے باضابطہ نوٹیفکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری کے منتظر محمد افضل زیدی کو ڈائریکٹر جنرل نجکاری کمیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے افسر محمد اویس کی خدمات حکومتِ پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہیں جبکہ گریڈ 19 کی ماریہ طارق کی خدمات نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی لاہور کے سپرد کی گئی ہیں۔
مزید برآں او ایس ڈی مہرین بلوچ کو سیکشن افسر اقتصادی امور ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ تقرری کی منتظر گریڈ 18 کی افسر وردہ مشہود کو سول سروسز اکیڈمی لاہور میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کی تابندہ طارق کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات پٹرولیم ڈویژن کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



