اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے صارفین کو ممکنہ سائبر حملوں اور ڈیٹا لیک ہونے کے خطرات سے بچانے کے لیے خصوصی سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ میں موجود ایک تکنیکی خامی کے ذریعے ہیکرز کو صارف کے ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس معلوم ہو سکتا ہے جبکہ جعلی آرڈر ڈیٹیلز میسج کے ذریعے چیٹ ڈیٹا بیس کی حساس معلومات لیک ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سفارش کی ہے کہ وہ نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجے گئے آرڈر ڈیٹیلز میسجز پر ہرگز کلک نہ کریں۔ اسی طرح اشتہاری اور "کلک ٹو واٹس ایپ” پیغامات پر کلک کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔ ایڈوائزری میں صارفین کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی کے پیشِ نظر واٹس ایپ میں میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ کا آپشن بند رکھیں اور ایپلی کیشن کو ہمیشہ صرف آفیشل ایپ اسٹور سے ہی اپ ڈیٹ کریں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



