بارسلونا۔1نومبر (اے پی پی):بارسلونا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیپورٹیوو ایلاویس کو 1-6 گول سے شکست دے کر سپینش فٹ بال لیگ لا لیگا میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ اے ایف پی کے مطابق کیمپ نو میں کھیلے گئے اہم میچ میں رافینیا اور لامین یمل نے 2، 2 گول سکور کیے جبکہ فرمین لوپیز اور متبادل کھلاڑی انتھونی گورڈن نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی بڑی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔بارسلونا کو گزشتہ ہفتے چیمپئنز لیگ میں پیرس سینٹ جرمین اور لا لیگا میں روایتی حریف ریال میڈرڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ایلاویس کے خلاف کامیابی نے ٹیم کو دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن کردیا۔میزبان ٹیم نے میچ کے 8ویں منٹ میں رافینیا کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ 23ویں منٹ میں فرمین لوپیز نے دوسرا گول کرکے برتری دگنی کردی۔
رافینیا نے پہلے ہاف میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول سکور کیا جبکہ لامین یمل نے وقفے سے قبل چوتھا گول کرکے بارسلونا کی پوزیشن مستحکم کردی۔دوسرے ہاف میں بھی بارسلونا کا جارحانہ کھیل جاری رہا اور لامین یمل نے ایک مرتبہ پھر گیند جال میں پہنچا کر اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول سکور کیا۔ متبادل کھلاڑی انتھونی گورڈن نے چھٹا گول کرکے ایلاویس کی مشکلات مزید بڑھادیں، تاہم سابق ریال میڈرڈ کھلاڑی ماریانو ڈیاز نے اختتامی لمحات میں ایلاویس کی جانب سے واحد گول سکور کیا۔اس کامیابی کے بعد بارسلونا نے دوسرے نمبر پر موجود ایٹلیٹیکو میڈرڈ پر 2 پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔ ایٹلیٹیکو میڈرڈنے اس سے قبل لیوانتے کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل ساتویں لیگ فتح حاصل کی تھی۔
اس کے لیے الیخاندرو گریمالڈو اور خولیانو سیمیونے نے گول سکور کیے۔ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے کوچ ڈیاگو سیمیونے نے بھی ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے سپینش لا لیگا میں ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے اپنی 344ویں کامیابی حاصل کرلی اور کلب کے سابق کوچ لوئس آراگونس کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔دوسری جانب ایلاویس مسلسل 7 میچوں میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، تاہم ٹیم 10ویں پوزیشن پر موجود ہے۔بارسلونا اب آئندہ منگل کو چیمپئنز لیگ میں آسٹن ولا کی میزبانی کرے گا جبکہ اگلے اتوار کو سپینش لا لیگا میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف اہم مقابلے کے لیے میدان میں اترے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



