اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سمارٹ سکیننگ سسٹم کو جلد فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانڈڈ ویئر ہائوسز کے حوالے سے حال ہی میں کی گئی انکوائری کے نتیجہ میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس بے ضابطگیوں پر بلاتفریق کارروائی اور ریکوری کی جائے، ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس ، امیگریشن سمیت دیگر آپریشنز کو تیز تر بنایا جائے۔
منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا ۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس، امیگریشن سمیت دیگر آپریشنز کو تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سمارٹ سکیننگ سسٹم کو جلد فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور وہاں کے تاجروں اور صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتوں کی ملک کی تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔بانڈیڈ ویئرہائوسز کے حوالے سےحال ہی میں کی گئی انکوائری کے نتیجے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس بےضابطگیاں سامنے آنے پر وزیراعظم نے بلا تفریق کارروائی اور ریکوری کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو ایف بی آر کے مختلف آپریشنز کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ اداروں کی معاونت سے پاکستان کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سمارٹ سکیننگ کا سسٹم لگایا جا رہا ہے جس سے مسافروں کے سامان کو خودکار طریقے سے گرین چینل اور ریڈ چینل میں بھیجا جا سکے گا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر بھی کام جاری ہے جس سے سیلز ٹیکس گیپ اور سمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی،کارگو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے سامان کی ترسیل لوڈنگ سے ڈیلیوری تک ایک ہی ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک ہو گی، یہ سسٹم ای-بلٹی ، رسک مینجمنٹ سسٹم ، فیلڈ انفورسمنٹ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ پر مشتمل ہوگا،اس سسٹم کے بہتر نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے جس میں صوبائی نمائندگی بھی ہو گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ کے دوران 24.4 بلین روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں اور اس حوالے سے قانونی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ریکوریاں کی جارہی ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر میں دریائے سندھ کے پلوں پر انڈس کلکٹریٹ نے کام کا آغاز کر دیا ہے،اس انفورسمنٹ کلکٹریٹ میں 856 سٹاف نے خدمات سرانجام دینا شروع کردی ہیں اور اس کلکٹریٹ نے اب تک 302 کارروائیوں میں 1849 ملین روپے کی مالیت کی غیر قانونی اشیاء قبضے میں لی ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں سیلزٹیکس کی ریکوری بہتر بنانے کے حوالےسے ملک کی چار بڑی ٹیکس پیئر یونٹس ، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں سیلز ٹیکس کے لئے الگ زونز بنائے جارہے ہیں۔پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیٹا انٹیگریٹی کے ضمن میں کئی سافٹ ویئرز میں اضافی سکیورٹی فیچرز ڈالے جا چکے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ماضی میں فاٹا/پاٹا ٹیکس استثنا کی آڑ میں ایف بی آر افسران کی جانب سے غیر مجاز کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کرنے پر ان افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیمز کی جانب سے کراچی اور لاہور کے دوروں کی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور کاروباری برادری کے بہت سے مسائل حل ہو رہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کراچی کی کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں اپنا دفتر قائم کر رہا ہے تاکہ وہاں کے صنعتکاروں کو ان کی دہلیز پر ایف بی آر کی سروسز فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



