پیرس۔24نومبر (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے علمی انصاف کے فروغ کے لیے اساتذہ، تعلیمی اداروں، حکومتوں، مقامی برادریوں اور ترقیاتی شراکت داروں کی فعال شمولیت کے ذریعے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

منگل کوسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیرس میں پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے آکسفورڈ گلوبل ایجوکیشن فیوچرز فورم 2026 کے موقع پر یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے سینٹ اینٹونی کالج میں منعقدہ اعلیٰ سطحی پینل مباحثے بعنوان ’’ترقی، مساوات اور سب کے لیے تعلیم‘‘ میں شرکت کی۔
پینل میں برطانیہ کے دفتر خارجہ، دولت مشترکہ و ترقیاتی امور کی سینئر ایجوکیشن اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر ریچل ہنٹن اور ملالہ فنڈ کے شریک بانی و بورڈ ممبر ضیاء الدین یوسفزئی بھی شریک تھے۔ مباحثے کی نظامت یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے شعبہ تعلیم کی ڈاکٹر عالیہ خالد نے کی۔
اس موقع پر پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے علمی انصاف کے فروغ کے لیے اساتذہ، تعلیمی اداروں، حکومتوں، مقامی برادریوں اور ترقیاتی شراکت داروں کی فعال شمولیت کے ذریعے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون تعلیم میں مساوات کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے تاہم اس عمل میں ہر ملک اور برادری کی متنوع ضروریات اور ترجیحات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین الاقوامی تعاون اور ترقی کے لیے فریم ورکس اور ماڈلز کی تشکیل میں قومی ملکیت کو اہمیت دی جائے اور ترقی پذیر ممالک کے تجربات اور نقطہ نظر کو ان کے ڈیزائن اور تیاری میں شامل کیا جائے۔
سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے ڈاکٹر عالیہ خالد اور ان کی ٹیم کو ’’ایجوکیشن، ایکویٹی اینڈ ایپسٹیمک جسٹس ریسرچ نیٹ ورک‘‘ کے آغاز پر مبارکباد دی اور تعلیمی نظام میں مساوات کے فروغ اور معاشرے میں مؤثر تبدیلی لانے کے لیے اس نیٹ ورک کی ممکنہ خدمات کو اجاگر کیا۔یہ نیٹ ورک تعلیم میں مساوات اور علمی انصاف کے فروغ کے لیے محققین، پالیسی سازوں اور مقامی برادریوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



