اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو اسلام آباد میں فاضل چینی کی برآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور ملک میں چینی کے مجموعی ذخائر، ملکی ضروریات اور مارکیٹ میں رائج قیمتوں کا جائزہ لیا ۔ کمیٹی نے چینی کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور وفاقی کابینہ کی جانب سے مزید 4 لاکھ 16 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی منظوری کے تناظر میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس فیصلے پر مؤثر اور بلا تعطل عمل درآمد کے لیے تمام ضروری قانونی و انتظامی کارروائیاں فوری طور پر مکمل کی جائیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چینی کی خوردہ قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جائے، مارکیٹ میں اس کی مناسب دستیابی یقینی بنائی جائے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطہ و تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے صارفین کو قیمتوں میں بلاجواز اضافے سے محفوظ رکھنا وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سندھ کے وزیر خوراک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور تجارت کے سیکریٹریز، اسپیشل سیکریٹری تجارت اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



