برسلز ۔28نومبر (اے پی پی):برطانیہ میں سابق روسی سفیر اور روسی فیڈریشن کونسل کی خارجہ امور کمیٹی کے نائب سربراہ آندرے کیلن نے کہا ہے کہ برطانیہ میں یورپی یونین میں دوبارہ شمولیت کے حامی موجود ہیں، تاہم یورپی یونین خود اس حوالے سے زیادہ دلچسپی نہیں رکھتی اور وہ لندن کے بغیر رہنے کی عادی ہو چکی ہے۔
خبر رساں ادارے تاس کو انٹرویو دیتے ہوئے آندرے کیلن نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات میں مکمل بحالی کے بجائے جزوی بہتری ہی ممکن دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان بریگزٹ کے باعث علیحدگی کا عمل تکلیف دہ رہا، تاہم اب بعض شعبوں میں تعاون بہتر بنایا جا سکتا ہے، جن میں نباتاتی اور حیوانی صحت کے معیارات، ویزا پالیسی میں نرمی اور دیگر امور شامل ہیں۔انہوں نے مکمل طور پر یورپی یونین میں دوبارہ شمولیت کے امکان کو موجودہ حالات کا ایک غیر حقیقت پسندانہ تصور قرار دیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



