اقوام متحدہ۔28نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو علاقائی امن و سلامتی کو مزید نقصان پہنچانے یا جاری سفارتی کوششوں کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی سرحدی جھڑپوں اور کشیدگی کے خطے اور اس سے باہر تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔انتونیو گوتریش نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



