اسلام آباد/آکلینڈ ۔29نومبر (اے پی پی):سپریم کورٹ پاکستان کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پناہ گزینوں اور نقل مکانی سے متعلق ججوں کی بین الاقوامی تنظیم (آئی اے آر ایم جے) کی ایشیا پیسیفک دو سالہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
اتوار کو سپریم کورٹ سے جاری بیان کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی دعوت پر منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی جس کا موضوع ’’کنونشن کے 75 سال، اب آگے کیا راستہ ہے؟‘‘ تھا۔اس میں ایشیا پیسیفک خطے سمیت مختلف ممالک کے ججز، قانونی ، تعلیمی اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔
تین روزہ کانفرنس میں پناہ گزینوں کے تحفظ، نقل مکانی کے قوانین اور بین الاقوامی تحفظ سے متعلق موجودہ قانونی چیلنجز بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس کے دوران قومی عدالتوں کا پناہ گزینوں اور نقل مکانی سے متعلق مقدمات میں کردار، شواہد اور بیانات کی ساکھ کا جائزہ لینے، انسانی سلامتی، تحفظ کے قانونی راستوں اور عدالتی فیصلہ سازوں کو درپیش نئے چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی کانفرنس میں شرکت سے بین الاقوامی عدالتی شخصیات کے ساتھ تبادلہ خیال، مختلف ممالک کے عدالتی تجربات سے استفادے اور نقل مکانی و بے دخلی سے پیدا ہونے والے قانونی اور انسانی مسائل کے حوالے سے ادارہ جاتی سیکھنے کے مواقع میسر آئے۔بیان کے مطابق سپریم کورٹ پاکستان کی اس بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت عالمی عدالتی تعاون کو فروغ دینے، علم و بہترین عدالتی طریقہ کار کے تبادلے اور عصر حاضر کے قانونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے سمیت بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



