سیالکوٹ۔ 29 نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر محمد عباس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد سے ملاقات کی۔ ڈی پی او نے محمد عباس کا خیرمقدم کیا اور سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔
محمد عباس نے سیالکوٹ پولیس کی عوامی آگاہی مہمات میں بھرپور تعاون کرنے پر رضامندی ظاہر کی، وہ نوجوانوں کو منشیات اور ویپس کے استعمال، ون ویلنگ اور غیر قانونی پتنگ بازی جیسے خطرناک رجحانات سے دور رکھنے اور قوانین کی پاسداری کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔اس تعاون کا مقصد نوجوان نسل کو مقامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں صحت مند معاشرتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ڈی پی او سیالکوٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اور کھیلوں سے وابستہ نمایاں شخصیات کے باہمی تعاون سے نوجوانوں میں مثبت طرزِ زندگی کو فروغ دینے اور معاشرتی برائیوں کی روک تھام کے لیے آگاہی مہمات جاری رکھی جائیں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



