لاہور۔27نومبر (اے پی پی):کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے فرنچائز کی ممکنہ فروخت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں اور افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فرنچائز کسی مالی دبائو کا شکار نہیں اور نہ ہی مالکان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات درست ہیں۔ فرنچائز انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ انٹرویو میں مالک سے منسوب بعض بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جن سے فرنچائز کی مالی صورتحال کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہوا۔ بیان کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ کی کامیاب اور منافع بخش فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے اور لیگ کے چوتھے سیزن سے ہر سال منافع حاصل کر رہی ہے۔
فرنچائز نے اپنے پہلے 10 سال مکمل کرلیے ہیں اور اس دوران مالی اعتبار سے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ مالکان ندیم عمر اور حسن عمر نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ عالمی کرکٹ کا ایک اہم ستون بن چکی ہے اور دنیا بھر میں اس کے کروڑوں شائقین موجود ہیں۔ لیگ نے مختلف چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور ہر بار استحکام اور ترقی کی مثال قائم کی۔انہوں نے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی براہ راست شمولیت کو بھی پی ایس ایل کے مضبوط نظام کی علامت قرار دیا اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لاکی فرگوسن کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فیملی میں خوش آمدید کہا، مزیدیہ کہ پی ایس ایل سیزن 12 کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ لیگ اب پاکستان کے ہر حصے تک پہنچ رہی ہے اور یہ شائقین سے اظہار تشکر کا بہترین ذریعہ ہے۔
مالکان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ان کے لیے محض ایک کرکٹ فرنچائز نہیں بلکہ برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے، اس لیے ٹیم کے ساتھ ان کی وابستگی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ فرنچائز کی فروخت سے متعلق موقف واضح کرتے ہوئے کہا گیا کہ مالکان صرف اسی صورت میں فروخت پر غور کریں گے جب انہیں ایسی پیشکش موصول ہو جسے مسترد کرنا ممکن نہ ہو۔آخر میں مالکان نے پی سی بی، ایچ بی ایل پی ایس ایل انتظامیہ، تجارتی شراکت داروں اور بالخصوص شائقین کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



