روم۔27نومبر (اے پی پی):انگلینڈ نے فیصلہ کن ڈبلز مقابلے میں تھرڈ سیڈ جرمنی کو شکست دے کر 2019 کے بعد پہلی مرتبہ ڈیوس کپ ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ بی بی سی کے مطابق اٹلی کے شہر بولونیا میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ کی جوڑی ہنری پیٹن اور نیل سکوپسکی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جرمنی کی جوڑی کیون کراوئٹز اور ٹم پیوٹز کو 2-6 اور 6-7 سے زیر کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 سے فتح دلائی۔
اس سے قبل پہلے سنگلز میچ میں انگلینڈ کے ٹینس سٹار کیمرون نوری نے جرمنی کے جین لینارڈ سٹرف کو تین سیٹس میں شکست دے کر برطانیہ کو برتری دلائی تھی تاہم جرمنی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون الیگزینڈر زویروف نے انگلینڈ کے آرتھر فیری کو سٹریٹ سیٹس میں ہرا کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا تھا۔ سیمی فائنل میں برطانیہ کا سامنا ہفتے کوسپین سے ہوگا جس کے کپتان ڈیوڈ فیرر نے اشارہ دیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کارلوس الکاراز سنگلز مقابلے کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں ۔
برطانوی ٹیم کے کپتان لیون سمتھ نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے اس موقع تک پہنچنے کے لیے گزشتہ 18 ماہ کے دوران بھرپور محنت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کپتانی سے دستبردار ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے آخری مرتبہ 2015میں ڈیوس کپ کا ٹائٹل جیتا تھا ۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



