بوسٹن۔27نومبر (اے پی پی):شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے رنر ایرون بیگز اور ان کے ساتھی ایتھلیٹ روبسن ڈی اولیویرا کو بوسٹن میراتھن کے دوران سپورٹس مین سپرٹ کا شاندار مظاہرہ کرنے پر انٹرنیشنل فیئر پلے ایوارڈ سے نواز دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق رواں برس اپریل میں ہونے والی اس ریس کے اختتامی مرحلے میں شدید تھکاوٹ کے باعث لڑکھڑاتے ہوئے ساتھی رنر اجے ہری داس کو سہارا دے کر فنشنگ لائن عبور کرانے پر دونوں کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر بے حد سراہا گیا تھا۔
نارتھ ڈاؤن ایتھلیٹک کلب کی نمائندگی کرنے والے بیگز کا کہنا ہے کہ تین مختلف براعظموں سے تعلق رکھنے والے یہ تینوں اجنبی اب زندگی بھر کے دوست بن چکے ہیں جبکہ روبسن ڈی اولیویرا نے اس مدد کی خاطر اپنا ذاتی بہترین ریکارڈ قربان کر دیا تھا اور فنشنگ لائن عبور کرتے ہی طبی امداد کے محتاج ہو گئے تھے۔ انٹرنیشنل فیئر پلے کمیٹی اور ورلڈ ایتھلیٹکس کے اشتراک سے دیا جانے والا یہ اعزاز شائقین کی نامزدگی اور سوشل میڈیا ووٹنگ کے بعد دیا گیا، جس پر ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسٹین کو نے کہا کہ اپنی شدید تھکاوٹ کے باوجود دوسرے کھلاڑی کو سہارا دینا حقیقی کھیل کی روح کا عکاس ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



