اقوام متحدہ ۔27نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اہم سمندری تجارتی راستوں میں بیک وقت پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث عالمی بحری تجارت 2026ء میں جمود کا شکار رہ سکتی ہے اور اس کی شرح نمو صفر تک محدود ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بڑھتے ہوئے شپنگ اخراجات کا سب سے زیادہ بوجھ کم ترقی یافتہ ممالک اور چھوٹی جزیرہ ریاستوں کو برداشت کرنا پڑے گا۔اقوام متحدہ کے ادارے برائے تجارت و ترقی (انکٹاڈ) نے عالمی بحری تجارت سے متعلق تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2025ء کے دوران سمندر کے ذریعے منتقل ہونے والی اشیا کا مجموعی حجم 12.3 ارب ٹن رہا، تاہم اس شعبے کی شرح نمو کم ہو کر 1.9 فیصد پر آگئی، جو 2024ء کے مقابلے میں تقریباً نصف ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال چار اہم سمندری تجارتی راستے بیک وقت دباؤ کا شکار ہیں، جن میں آبنائے ہرمز، بحیرہ احمر، بحیرہ اسود اور پاناما کینال شامل ہیں۔
ان رکاوٹوں کے باعث بحری جہازوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے سفر کا دورانیہ، ایندھن کا استعمال اور ترسیلی اخراجات بڑھ رہے ہیں۔انکٹاڈ نے 2026ء میں عالمی بحری تجارت کی شرح نمو صفر رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تاہم 2027ء میں اس شعبے کی شرح نمو 3.2 فیصد تک بحال ہونے کی توقع ظاہر کی ہے۔انکٹاڈ کے قائم مقام سیکریٹری جنرل پیڈرو مینوئل مورینو نے کہا کہ جب سمندری ترسیل کے اخراجات بڑھتے ہیں تو بالآخر اس کی قیمت صارفین کو ادا کرنا پڑتی ہے، تاہم تمام ممالک اس سے یکساں طور پر متاثر نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ سے منسلک بحری جہازوں پر حملوں کے باعث آبنائے ہرمز سے تیل اور گیس کی ترسیل تقریباً رک جانے کی صورت حال پیدا ہوئی، جس سے ان معیشتوں کو زیادہ نقصان پہنچا جو معاشی جھٹکوں کو برداشت کرنے کی محدود صلاحیت رکھتی ہیں۔ان کے مطابق مہنگے ایندھن، نقل و حمل اور پیداواری لاگت میں اضافے نے خوراک کی قیمتوں اور مہنگائی کو بھی بڑھایا ہے۔
مورینو نے کہا کہ چھوٹی جزیرہ ریاستیں اور کم ترقی یافتہ ممالک خاص طور پر خطرات سے دوچار ہیں، کیونکہ ان کی درآمدات کے لیے اکثر متعدد بحری رابطوں اور راستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہر اضافی سمندری میل کا مطلب زیادہ ایندھن، زیادہ وقت اور زیادہ اخراجات ہیں۔انکٹاڈ کے مطابق آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کے بعد 10 کروڑ ڈالر مالیت کے ایک آئل ٹینکر کا جنگی خطرات سے متعلق انشورنس پریمیم چند ہی دنوں میں تقریباً 2 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 10 لاکھ ڈالر فی سفر تک پہنچ گیا۔اسی طرح کنٹینر شپنگ کمپنیوں نے بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے ہنگامی جنگی خطرات کے اضافی چارجز اور ایندھن کے سرچارجز بھی عائد کر دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق دنیا کی 80 فیصد سے زیادہ تجارتی اشیا سمندری راستوں کے ذریعے منتقل ہوتی ہیں، جن میں خوراک اور ایندھن جیسی بنیادی ضروریات بھی شامل ہیں۔متبادل راستوں سے بحری تجارت کا سلسلہ جاری تو رہتا ہے، لیکن اس سے سفر طویل اور اخراجات زیادہ ہو جاتے ہیں، جس کا اثر خصوصاً چھوٹی معیشتوں پر پڑتا ہے۔
انکٹاڈ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال سمندری تجارت کے حجم میں کوئی اضافہ متوقع نہیں، تاہم بحری جہازوں کے طے کردہ مجموعی فاصلے میں 1.5 فیصد اضافے کا امکان ہے۔انکٹاڈ کی سالانہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ایندھن کی موجودہ قیمتوں اور رسد کا بحران 2027ء تک جاری رہا تو صرف شپنگ اخراجات میں اضافے کے باعث کم ترقی یافتہ ممالک میں صارفین کی قیمتوں میں اضافہ عالمی اوسط سے تقریباً دوگنا ہو سکتا ہے۔پیڈرو مورینو نے کہا کہ کسی ایک اہم سمندری تجارتی راستے میں پیدا ہونے والی رکاوٹ ہزاروں میل دور واقع ممالک میں بھی مہنگائی اور عوام کے لیے زندگی گزارنے کے اخراجات کا بحران پیدا کر سکتی ہے۔
ان کے مطابق یہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے بحری نقل و حمل میں رکاوٹیں اشیا کی قیمتیں بڑھاتی اور مختلف معیشتوں کے درمیان عدم مساوات میں اضافہ کرتی ہیں۔رپورٹ میں بعض مثبت رجحانات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ ایشیا، افریقہ، مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکہ کے درمیان جنوبی ممالک کی باہمی کنٹینر تجارت میں گزشتہ سال 12.1 فیصد اضافہ ہوا، جو عالمی کنٹینر تجارت کی مجموعی ترقی کے تقریباً ایک تہائی کے برابر ہے۔اس کے علاوہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک، جن میں زیادہ تر افریقہ میں واقع ہیں، نے اپنی بحری تجارتی رابطہ کاری میں باقی دنیا کے مقابلے میں تین گنا زیادہ تیزی سے بہتری پیدا کی ہے۔
تاہم مورینو کے مطابق ان مثبت پیش رفتوں کے باوجود عالمی بحری تجارت کے بنیادی خطرات ختم نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اہم سمندری گزرگاہیں دو سمندروں کے درمیان مختصر اور مؤثر ترین راستے فراہم کرتی ہیں اور بعض صورتوں میں ان کا کوئی متبادل بھی موجود نہیں ہوتا، جبکہ انہیں تبدیل کرنا انتہائی مشکل اور مہنگا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


