لاہور۔26نومبر (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز اور سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبے بھر سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش اور انہیں جدید خطوط پر تربیت فراہم کرنے کے لیے باہمی اشتراک کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعرات کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت لاہور قلندرز کے تجربہ کار کوچز سی ایم پنجاب یوتھ گیمز سے ابھرنے والے کرکٹ اور فٹبال کے نوجوان کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ کوچنگ فراہم کریں گے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس معاہدے کو صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سنگِ میل قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کے لیے 45 لاکھ نوجوانوں نے رجسٹریشن کرا کر 2014 کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے
جن میں صرف کرکٹ کے لیے 11 لاکھ سے زائد جبکہ فٹبال کے لیے بھی بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت گراس روٹ لیول کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی کوچنگ میسر آئے گی جس سے انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ ان کی فرنچائز گزشتہ 11 برسوں میں 9 لاکھ سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لے چکی ہے اور اب پنجاب حکومت کے تعاون سے ٹیلنٹ ہنٹ اور کھلاڑیوں کی گرومنگ کا یہ عمل مزید وسیع ہو جائے گا۔ تقریب میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے وائس چیئرمین سلمان ملک، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، اسپورٹس کوآرڈینیٹر ملک انوش کھوکھر اور دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



