ملتان۔ 26 نومبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو ملتان کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے 2026 کی مناسبت سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، بوسن روڈ ملتان میں آگاہی وال پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔مقابلے کا عنوان’’وال آف کنسائنس، وال آف کلچر – پینٹنگ اے فیوچر فری فرام کرپشن‘‘رکھا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں دیانت داری، شفافیت، جوابدہی اور بدعنوانی کے خاتمے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ مقابلے میں ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان، گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف ہوم اکنامکس ملتان، ایمرسن یونیورسٹی ملتان، این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان، دی ویمن یونیورسٹی ملتان، نمل یونیورسٹی ملتان، ملتان کالج آف آرٹس، بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور ایم یو ایس ٹی ملتان کے طلباء و طالبات نے شرکت کی اور اپنے فن کے ذریعے بدعنوانی کے خلاف مؤثر پیغامات پیش کیے۔ مقابلے میں نمل یونیورسٹی ملتان نے پہلی، بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے ملتان کالج آف آرٹس نے دوسری جبکہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر ڈی جی نیب ملتان عاصم لودھی، ڈائریکٹر عبدالخالق، ڈائریکٹر رفیع اللہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد اصغر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سید آصف شاہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر توصیف حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹر مہوش نورین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعم خان نے بھی مقابلے کا دورہ کیا اور طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور فن پاروں کا جائزہ لیا۔
ڈی جی نیب ملتان عاصم لودھی نے طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور بدعنوانی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مقابلے میں شریک جامعات، تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بھرپور دلچسپی، محنت اور تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوان نسل میں دیانت داری، شفافیت اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں اور اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوانوں کو بدعنوانی کے خلاف شعور و آگاہی کی سرگرمیوں میں شامل کرنے اور ان کی مثبت صلاحیتوں کو بروئے کار لانے سے ایک شفاف، ذمہ دار اور کرپشن فری معاشرے کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔اس سرگرمی کے ذریعے طلباء و طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دیواروں کو دیانت داری، شفافیت اور بدعنوانی کے خلاف شعور و آگاہی کے مؤثر پیغامات میں تبدیل کیا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بدعنوانی کے خلاف جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا اور معاشرے میں احتساب، اخلاقی اقدار اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کے اختتام پر مقابلے میں شریک طلباء و طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو آٹھ دسمبر 2026 کو نیب ملتان کے زیر اہتمام انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں انعامات و اسناد سے نوازا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



