کوئٹہ۔ 26 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے انہیں ترقی کے نئے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ مستقبل مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کا ہے، دنیا بھر میں تجارت، حکومتی امور اور دیگر شعبوں میں مصنوعی ذہانت سے استفادہ کیا جا رہا ہے، اس لیے بلوچستان کے نوجوانوں کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان نے روایتی نظام سے جدید ٹیکنالوجی کی جانب پیشرفت کی ہے۔ صوبائی حکومت نوجوانوں اور ان کے مستقبل کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ وزارت خزانہ میں مصنوعی ذہانت کا استعمال متعارف کرایا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حکومتی امور کو مزید بہتر اور مثر بنایا جا سکتا ہے، تاہم ہر نظام میں بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے اور اس سلسلے میں مسلسل کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



