جمیکا۔26نومبر (اے پی پی):تجربہ کار آل راؤنڈر ڈیانڈرا ڈوٹن پاکستان کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کے وائٹ بال سکواڈ میں واپس آ گئی ہیں، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ ای ایس پی این کے مطابق ڈیانڈرا ڈوٹن ذاتی وجوہات کی بنا پر رخصت لینے کے باعث ستمبر میں دورہ زمبابوے میں شریک نہیں ہو سکی تھیں۔
ڈیانڈرا ڈوٹن کو آف سپنر اشمنی منیسار کی جگہ شامل کیا گیا ہے جو انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئی ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز نے دونوں فارمیٹس کے لیے 15 رکنی مشترکہ سکواڈ میں مزید کوئی تبدیلی نہیں کی۔ہیلی میتھیوز ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ چینیل ہنری نائب کپتان ہوں گی۔
اس سیریز کے ذریعے ہیلی میتھیوز کی ٹی ٹونٹی ٹیم میں بھی واپسی ہو رہی ہے کیونکہ وہ دورہ زمبابوے کے ٹی ٹونٹی مرحلے میں ذاتی رخصت پر تھیں، جہاں چینیل ہنری کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے 1-2 سے ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز میں 0-3 سے کلین سویپ کیا تھا۔رواں سال کے آغاز میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کی بدولت ویسٹ انڈیز پہلے ہی 2028 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، تاہم ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کے باعث غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں جو 2029 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں براہِ راست رسائی کا تعین کریں گے۔
پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی ویسٹ انڈیز سکواڈ میں ہیلی میتھیوز (کپتان)، چینیل ہنری (نائب کپتان)، عالیہ ایلین، ایبونی بریتھ ویٹ، شیمین کیمبل، جہزارا کلیکسٹن، ڈیانڈرا ڈوٹن، ایفی فلیچر، جینیلیا گلاسگو، ریلیانا گریمنڈ، شانیشا ہیکٹر، زائدا جیمز، مینڈی منگرو، کرشمہ رام ہارک اور سٹیفنی ٹیلر شامل ہیں۔سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی میچز 8، 10 اور 12 دسمبر کو جبکہ ون ڈے میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو ڈومینیکا کے شہر روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



