بیجنگ ۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کامیاب خلائی لانچنگ کے بعد بیجنگ ڈیکسنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن (CGWIC) کی ٹیم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر سی جی ڈبلیو آئی سی کے صدر کے مشکور ہیں جنہوں نے اس پورے دورے اور سرگرمیوں کے دوران پاکستانی وفد کے ہمراہ رہ کر بھرپور تعاون کیا۔ ان کی شرکت دونوں ٹیموں کے درمیان مضبوط شراکت داری، باہمی اعتماد اور بہترین رابطہ کاری کا مظہر ہے۔وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اہم سنگ میل کو مزید کامیابیوں میں تبدیل کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



